لائف سٹائل

لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن: ٹانک نے دیگر جنوبی اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک نے لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن مہم میں صوبے کے دیگر جنوبی اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا، محدود وسائل اور سنگین چیلنجوں خصوصاً سیلاب اور امن و امان کے مسائل کے باوجود زمینی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل کرنے کے ساتھ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پہلے نمبر پر آنا ٹانک کی ضلعی انتظامیہ کا طرہ امتیاز ہے۔

ٹانک ضلع کو 2015 میں خیبر پختونخوا حکومت نے سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، نوشہرہ، چارسدہ، ہنگو، کرک، ہری پور، صوابی اور لکی مروت سمیت 11 دیگر اضلاع کے ساتھ زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے دوسرے مرحلے میں شامل کیا تھا۔

ان اضلاع میں، ٹانک انتظامیہ نے سب سے پہلے اس عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے برتری حاصل کی جبکہ اگر فیز ون کے اضلاع کو بھی مدنظر رکھا جائے تو صوبائی سطح پر ٹانک چوتھے نمبر پر ہے۔

اس حوالے سے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ نے کہا کہ اس کا سہرا میری ٹیم کے تمام ممبران کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات انتھک محنت کی اور مربوط انداز میں کوششیں کیں، اور ضلع کے 87 موضع جات کو تمام مشکلات کے باوجود ڈیجیٹائز کرنے کا مشکل کام انجام دے کر انتظامیہ کا نام روشن کیا۔

ابتدائی طور پر، 2016 میں شروع ہونے والا ڈیجیٹائزیشن کا عمل ضلع میں ایک سست رفتاری سے جاری رہا لیکن موجودہ انتظامیہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس مہم کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا اور چیزوں کو ہموار کیا۔

لیکن جب ضلعی انتظامیہ اس کام کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے کمر بستہ تھی، ایک نئے چیلنج نے سر کھڑا کیا اور وہ تھا تباہ کن سیلاب جس نے ضلع کے طول و عرض میں تباہی کے نشانات چھوڑے، جس میں بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، فصلیں تباہ ہوئیں اور انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔

ضلعی انتظامیہ واقعی ان چیلنجز سے نبردآزما تھی لیکن حیرت انگیز طور پر اس نے مضبوط عزم اور بلند جذبے کی بدولت ہر حال میں عوام اور علاقے کی خدمت کی۔ شہریوں کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں معمولات بحال ہوئے۔

حمید اللہ خٹک نے کہا کہ سیلاب کی صورت حال سے کامیابی سے نمٹنے کے بعد، 30 ستمبر 2022 سے زمین کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل شروع کیا گیا جس میں اسٹیک ہولڈرز سے بہت سی بات چیت کی گئی تھی اور سخت نگرانی کا طریقہ کار اپناتے ہوئے ریونیو حکام کو متحرک کرنے کے لیے جزا اور سزا کی پالیسی پر عمل کیا گیا تھا، نتیجتاً یہ عمل بہت کم وقت میں مکمل ہو گیا اور ہم نے صوبے کے دیگر ملحقہ یا جنوبی اضلاع کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو سروس ڈیلیور سینٹرز (SDCs) بنائے گئے ہیں اور اب ایک ہی چھت کے نیچے فرد، میوٹیشن وغیرہ کی سہولت دستیاب ہو گی اور لوگ ضلع میں اپنے اراضی ریکارڈ کے بارے میں فوری طور پر درست معلومات اور خدمات حاصل کر سکیں گے۔

ریونیو افسران کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے چھ ریونیو اہلکاروں (پٹواریوں) کو ضلع میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے دوران اچھی کارکردگی پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔

دریں اثنا، لوگوں نے انتہائی ضروری کام کو پورا کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ موجودہ عہدیداروں نے رہائشیوں کے دل و دماغ جیت لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جائیدادوں اور اس طرح کے زمینی تنازعات کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے زمینی ریکارڈ کے نظام میں پیمائش کی غلطیوں، غیرقانونی تجاوزات اور دیگر خرابیوں کو مکمل طور پر ختم کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button