‘امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈ’: 3 پوزیشنز ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کے نام
سلمان یوسفزے
خیبر پختونخوا کے سالانہ بڑے ‘امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈ’ میں 3 پوزیشن ٹرائبل نیوز نیٹ ورک نے اپنے نام کر لیں۔
اس سلسلے میں منگل کے روز وزیراعلی ہاؤس پشاور میں تقریب کا اہتمام ہوا جس میں ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کے نمائندہ افتخار خان، سلمان یوسفزئی اور وسیم سجاد نے بالترتیب اردو، ویڈیو اور انگلش کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر وزیراعلی محمود خان کی جانب سے پوزیشن حاصل کرنے والے نمائندگان کو نقد انعامات سمیت شلیڈ پیش کی گئیں۔
ٹی این این کی جانب سے افتخار خان نے موسمیاتی تبدیلی کے شہید کی مکھیوں پر اثرات، سلمان یوسفزئی نے چمڑے سے بنیں چارپائیوں جبکہ وسم سجاد نے مسلکی اختلاف کے حوالے سے بنائی گئی رپورٹ مقابلے کے لئے پیش کی تھی۔
اس حوالے سے افتخار خان نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کا سالانہ بڑا ‘امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈ’ اپنے نام کرنا ان کے لئے باعث فخر ہے کیونکہ بطور صحافی یہ حوصلہ افزائی انہیں مستقبل میں مزید بہتر کام کرنے کی قوت بخشے گی اور ان کی کوشش ہو گی کہ صحافتی اور معاشرتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ اپنے کام کو مزید بہتر طریقے سے پیش کریں۔
بونیر میں جانوروں کے چمڑے سے بنی چارپائیوں پر بنائی گئی ویڈیو پر ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سلمان یوسفزئی نے بتایا کہ بطور ینگ جرنلسٹ یہ ان کے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ ان کی سٹوری پوزیشن اپنے نام کر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بطور صحافی وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ علاقہ کے مسائل کے ساتھ ساتھ وہ اپنے ثقافتی اور معدوم ہوتے فنون کو رپورٹ کریں تاکہ حکام بالا ان کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائیں۔
کرم ضلع میں مسلکی اختلاف پر لکھی گئی سٹوری پر پوزیشن حاصل کرنے والے وسیم سجاد نے بھی پہلی بار امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈ جیتنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کا کام کر کے ایوارڈ حاصل کروں۔
یاد رہے کہ امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈ کے لئے صوبہ بھر سے سینکڑوں صحافیوں نے اپنی سٹوریز پیش کی تھیں جن میں مجموعی طور پر 3 مرد اور ایک خاتون صحافی نے ایوارڈز اپنے نام کئے ہیں۔ اس موقع پر مرحوم صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کے فرزند ارشد یوسفزئی کو بھی والد کی اعزازی شلیڈ دی گئی۔