لائف سٹائل

پشاور: دلیپ کمار کی 100ویں سالگرہ اور 128 سالہ پرانا گھر

عبدالستار

معروف اداکار دلیپ کمار صاحب کی 100ویں سالگرہ ان کے مکان محلہ خداداد قصہ خوانی پشاور میں منائی گئی۔

سالگرہ کا اہتمام گزشتہ روز کلچرل ہیریٹج کونسل پختونخوا نے کیا تھا جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگ موجود تھے۔ اس موقع پر CHC کے سیکرٹری شکیل وحیداللہ خان نے سب شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ہندوستان اور پاکستان کے عوام میں محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا ہے۔

انہوں نے مکان کی خستہ حالی اور سٹرکچر کی تباہ حال صورتحال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکان اگر ایک طرف دلیپ کمار کے نام سے جانا جاتا ہے تو دوسری طرف یہ مکان 128 سال پرانا ہے جس کی وجہ سے ہیریٹج کی حیثیت رکھتا ہے، صوبائی حکومت اور محکمہ آرکیالوجی اس کی تعمیر اور اس کو بچانے کی ذمہ دار ہے۔

سیکرٹری سی ایچ سی نے کہا کہ ہر سال اس کی تعمیر کے جھوٹے دعوے کئے جاتے ہیں مگر عملی طور پر کچھ نظر نہیں آ رہا، مکان گرنے کے قریب ہے، دلیپ کمار صاحب نے شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ میں کلیدی کردار ادا کر کے اپنا حق ادا کر دیا تھا لیکن افسوس عمران خان اور صوبے میں قائم ان کی اپنی حکومت نے اپنے 9 سالہ دور اقتدار میں اس ہیریٹج کو بچانے کے لئے کچھ نہیں کیا، اگر یہی صورتحال رہی تو کلچرل ہیریٹج کونسل کے پلیٹ فارم سے ہم اپنی مدد آپ کے تحت فنڈ ریزنگ کے لئے ہندوستان فلم انڈسٹری، وہاں کے عوام اور مودی سرکار کے ساتھ ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری، یہاں کے عوام اور وفاقی حکومت سے مدد کی اپیل کریں گے۔

شکیل وحیداللہ خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر صوبے خصوصاً پشاور کا تاریخی ورثہ بچانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے خاص طور پر راج کپور حویلی اور دلیپ کمار کے گھر کو بچایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کر کے جھولی پھیلاو مہم شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button