لائف سٹائل

امریکا کا سیلاب سے متاثر کسانوں کے لیے 80 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان

 

امریکا نے سیلاب سے متاثر کسانوں کے لیے 80 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں منعقد ایک تقریب میں سیلاب سے متاثر ہونے والے کسانوں کے لیے امداد کا اعلان کیا۔ یہ امداد 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی اعلان کردہ امریکی امداد کا حصہ ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے امریکی امداد کی فراہمی میں تسلسل کا  ذکر کرتے ہوئے اقتصادی ترقی میں پاکستان اور امریکہ  کی طویل تاریخ کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ترقیاتی چیلنجوں سے نبرد آزما  ہوتے ہوئے دونوں ممالک مستقبل میں اشتراک کار کے لیے پُر امید ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جیسا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان ماضی میں ایک "سبز  انقلاب” نے زندگیوں پر مثبت اثرات مُرتّب کیے تھے بالکل اُسی طرح ایک "سبز اتحاد” بھی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت، شفاف توانائی کی تیاری کے متبادل ذرائع اور اقتصادی ترقی کے لیے محرک ثابت ہوگا۔

سیلاب سے متاثرکسانوں کو یہ امداد اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کی شراکت سے فراہم کی جائے گی۔ امریکی امداد سیلاب کے بعد انسانی ضروریات، غذائی تحفظ ، آفات سے نمٹنے اور استعدادکار میں اضافہ کے کام آئے گی۔

یاد رہے کہ امریکہ نے ایف اے او کے ساتھ اشتراک میں  سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا صوبوں میں  سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں 90 ہزار گھرانوں کو بیج اور کھاد فراہم کی ہے ۔ اس کاوش میں  توجہ ایسے گھرانوں پر مرکوز تھی جہاں خواتین اور لڑکیاں کنبہ کی کفیل ہوں کیونکہ وہ قدرتی آفات اور صنفی بنیادوں پر تشدد سے  بہت زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button