تیراہ اور سوات میں موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
ضلع خیبر وادی تیراہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ برفباری کی وجہ سے علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ مقامی عمائدین نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں برف باری عموماً دسمبر میں شروع ہوتی ہے تاہم اس دفعہ معمول سے ہٹ کر نومبر کے وسط میں زیادہ برف باری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر سکول جانے والے بچوں کو سکول میں پڑھائی کے دوران اور راستوں میں مشکلات دوچار ہونا پڑتا ہے۔ مقامی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ سال زیادہ برف باری کی وجہ سے وادی تیراہ کے کئی علاقوں میں راستے بند ہونے سے مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات درپیش تھے جبکہ غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم امسال مشکلات سے بچنے کے لیے حکومت بروقت اقدامات اٹھائیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور مالم جبہ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے، سوات مالم جبہ کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر سمیت بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے تا ہم اب بھی ضلع غذر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے علاوہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کوہستان پٹن او ضلع خیبرمیں 19 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پشاور میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔