لائف سٹائل

سیلاب زدگان: ملالہ یوسف زئی دادو پہنچ گئیں

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے دادو پہنچ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی پہلی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے جوہی کے علاقے چھاندان پہنچ گئی ہیں، ملالہ کے ہمراہ زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر تعلیم سید سردار شاہ بھی موجود ہیں۔

سیلاب متاثرہ خواتین نے ملالہ کو کیمپ میں خوش آمدید کہا، ملالہ نے کیمپ میں خواتین سے ان کے مسائل سنے اور انہیں حوصلہ دیا، انہوں نے متاثرہ خواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس مشکل وقت کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں، آپ بہادر خواتین ہیں۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے ملالہ یوسف زئی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی بہت سارے علاقوں میں پانی موجود ہے، پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کر کے سکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 12000 سکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے جس پر ملالہ یوسف زئی نے تشویش کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسف زئی اور ضیاء الدین یوسف زئی کا سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کا مقصد متاثرین کی مدد کرنا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ملالہ کے دورے سے سندھ میں انسانی کرائسز کی آواز عالمی سطح تک پہنچے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملالہ یوسف زئی کے سیلاب زدہ دورے کو سراہا، وہ شام میں ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button