لائف سٹائل

صوبے کی ترقی میں ود ہولڈنگ ایجنٹ کا کردار کیا ہے؟

 

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کی ترقی میں ود ہولڈنگ ایجنٹ کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو گاہک سے ٹیکس لے کر صوبائی خزانے میں جمع کرتے ہیں۔

کیپرا نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کے تعاون سے کیپرا نے آگاہی پروگرام شروع کیا تاکہ خدمات فراہم کرنے والے زیادہ سے زیادہ لوگ ادارے کے ساتھ منسلک ہو جائیں لیکن ود ہولڈنگ ایجنٹ کون ہے اور ادارے کے ساتھ ایجنٹ کس طرح منسلک ہوتے ہیں؟

اس حوالے سے ڈائریکٹر لیگل کیپرا آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ دراصل ود ہولڈنگ ایجنٹ سروسز پروائڈرز ہوتے ہیں مثلاً کسی ہوٹل، ہسپتال، بیوٹی پارلر یا دیگر جگہوں پر جب آپ کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں تو آپ سے خدمات کی فراہمی کا ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اور وہی ٹیکس صوبے کی ترقی میں استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹر لیگل کے مطابق ود ہولڈنگ ایجنٹس کا رابطہ براہ راست گاہک سے ہوتا ہے اور یہ ٹیکس وصولی گاہک سے ہی کی جاتی ہے۔

ان کے مطابق دنیا کا کوئی بھی ملک ٹیکس کے بغیر نہیں چلتا، ہم اس ملک کے شہری ہیں اور یہ ملک اور صوبہ سب کی مدد سے ترقی کرے گا، جب ہم ٹیکس دیں گے تو فائدہ یہ ہے کہ اس ٹیکس سے سکول، کالجز اور روڈز بنیں گے جبکہ اہم اور ضروری چیز امن و امان کا ماحول پیدا ہو گا، جب امن و امان ہو گا تو ہر شہری محفوظ رہے گا۔

آفتاب احمد نے مزید کہا کہ اکثر یہ لوگ سوال اُٹھاتے ہیں کہ ہمارا ٹیکس قومی خزانے میں جمع ہوتا ہے کہ نہیں اور یہی سوال ترقی یافتہ ممالک میں بھی اُٹھایا جاتا ہے لیکن ضروری یہ ہے کہ گاہک سروس پروائڈر سے پکی رسید حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کیپرا میں سزا اور جزا کا عمل موجود ہے، اگر کوئی بندہ گاہک سے ٹیکس وصول کرے اور کیپرا کے ساتھ جمع نہ کرائے تو اس کے اوپر پانچ فیصد جرمانہ لگتا ہے اور اوپر سے ڈیفالٹ سرچارج اور جب تک وہ ٹیکس جمع نہ کرائے تو یہ ڈیفالٹ سرچارج بڑھتا جاتا ہے۔

آفتاب احمد نے کہا کہ ہمارے لئے ود ہولڈنگ کی پہچان یہ ہے کہ اگر کوئی بندہ، ایک یا سے زیادہ، یا کمپنی کی صورت میں ہو تو ان کو ایک این ٹی این نمبر دیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر ان کا پروفائل بن جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ کمپنی یا ادارہ ود ہولڈنگ ایجنٹ رہتا ہے۔

آفتاب کے مطابق کمپنیز کو اس سے فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جب کوئی ود ہولڈنگ ایجنٹ کوئی اشیاء خریدتے ہیں تو این ٹی این کی وجہ سے ان سے وہ ٹیکس نہیں کاٹا جائے گا جو این ٹی این کے بغیر ہوتا ہے، ود ہولڈنگ ایجنٹ کیلئے ضروری ہے کہ وہ کیپرا کے ساتھ رجسٹرڈ ہو، اگر کوئی کمپنی کی شکل میں ہو تو وہ ایک سٹامپ پر اپنی کمپنی کا لکھ کر وضاحت کرے گا، اس کا فائدہ یہ ہے وہ جو بھی چیز خریدے گا تو اس پر کیپرا کا ٹیکس لاگو نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو باقاعدہ ود ہولڈنگ ایجنٹ ہیں ان کی تعداد صوبہ بھر میں 700 کے قریب ہے اور ہم ان کے لئے وقتاً فوقتاً تربیتی ورکشاپ منعقد کرتے ہیں، اگر اس کے علاوہ پھر بھی ودہولڈنگ سٹیٹمنٹ بنانے میں انہیں مشکلات ہوں تو ٹیکس فیسلیٹیشن سنٹرز میں ان کی مدد کرتے ہیں، اگر پھر بھی مشکل ہو تو متعلقہ افسر ان کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں تاکہ انہیں آسانی ہو، "سیمینار اور تربیت میں ہم عملی کام سکھاتے ہیں کیونکہ یہ عملی کام ہوتا ہے اور 21-22 میں ہم نے 36 تربیتی ورکشاپ منعقد کئے تھے اور ان میں سینکڑوں لوگ مستفید ہوئے اور اب وہ سمجھ چکے ہیں کہ کس طرح سٹیٹمنٹ بنانی ہے۔”

آفتاب کے مطابق بعض اوقات گوشواروں کو جمع کرنے میں کلیریکل غلطیاں ہوتی ہیں تو اس کے ازالے کے لئے ایک درخواست دی جاتی ہے اور پھر کیپرا اس مسئلے کا جائزہ لیتی ہے تو اگر کسی نے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہو تو اگلے سال اس ٹیکس کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ایجنٹ اپنے اپنے اداروں کو چلاتے ہیں، ان کے ساتھ میٹنگ باقاعدہ طور پر تو نہیں ہوتی ہیں لیکن اگر انہیں ضرورت ہو تو کیپرا کے ڈی سی ایک میٹنگ بلا لیتے ہیں اور ایجنٹس کے ساتھ تمام معاملات حل کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ایجنٹس کی شرح پشاور میں زیادہ ہے کیونکہ یہاں پر سرکاری ادارے اور کمپنیاں زیادہ ہیں اور اس کے علاوہ ہزارہ ڈویژن دوسرے نمبر پر ہے جہاں سے سات آٹھ ماہ میں دو ارب سے زیادہ جمع ہوئے ہیں۔

آفتاب احمد کے مطابق کیپرا ود ہولڈنگ ایجنٹ کی تعداد بڑھانے کیلئے کوشش کرتی ہے جس کے لئے مختلف اداروں کے وزٹس کئے جاتے ہیں اور آگاہی مہم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے بھی کئے جاتے ہیں، دراصل یہ ایک تکنیکی عمل ہے لیکن ہم زیادہ توجہ تربیت پر دیتے ہیں۔

آفتاب احمد نے کہا کہ ہمارے کیپرا کا نظام آن لائن ہے اور کوشش کرتے ہیں کہ مزید شفافیت کیلئے اقدامات کریں اور سال کے آخر میں پوری تفصیل دیتے ہیں کہ کس نے کیا اور کیسے کیا ہے اور اس کے علاوہ کیپرا کی ویب سائٹ پر پوری تفصیل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیپرا کے ساتھ رجسٹریشن کیلئے ہم تین دفعہ آگاہی سیشن چلاتے ہیں اور ہماری ٹیمیں انفرادی طور پر ودہولڈنگ ایجنٹ کو تربیت اور قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر وہ مزاحمت کرتا ہو تو اس کے خلاف کاروائی کرتے ہیں لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پہلے اس کو قائل کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button