خیبر پختونخوا میں کس قسم کی خدمات پر سیلز ٹیکس عائد ہے؟
خیبر پختونخوا میں سیلز آن سروسز سے جڑے افراد کو ٹیکس کلیکشن کے ادارے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) پر اعتماد بڑھنے لگا اور ادارے کی کامیاب مہم سے ٹیکس نیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد کا رجسٹریشن جاری ہے۔
کیپرا کی جانب سے خدمات فراہم کرنے والی شخصیات کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے آگاہی مہم جاری ہے اور یہ مہم بین الاقوامی ادارہ برائے ترقی یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری ہے مگر اب سوال یہ ہے کہ کیپرا قوانین کے مطابق وہ کون سے کاروبار ہیں جو خدمات کی فراہمی پر سیلز ٹیکس کے دائرے میں آتے ہیں؟
اس پر خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ڈپٹی کلیکٹر ٹیکس عبدالرزاق نے بتایا کہ کہ دو ہزار تیرہ میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد کیپرا وجود میں آیا اور سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی کا اختیار صوبوں کو دے دیا گیا۔
ان کے مطابق ادارے کے قیام کے وقت صرف 12 سروسز پر سیلز ٹیکس لاگو کیا گیا جبکہ موجودہ وقت میں 47 سروسز پر یہ ٹیکس لاگو کیا گیا ہے جن میں ٹیلی کام ( زونگ، یوفون، جاز، وارد وغیرہ)، کنسٹرکشن، بینکنگ، طبی علاج اور بارگیننگ پر بلاواسطہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا "اِن ڈائریکٹ ٹیکس کا مطلب یہ ہے کہ ان شعبوں میں جب کسی گاہک کو خدمات فراہم کی جاتی ہے تو وہ ٹیکس خدمات فراہم کرنے والے سے نہیں بلکہ گاہک سے وصول کیا جائے گا اور پھر اسے کیپرا کے ساتھ جمع کرنا ہو گا۔”
حکام کے مطابق 22-2021 میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے تقریباً 30 ارب روپے ٹیکس وصول کیا ہے جو صوبے کی مجموعی محصولات کا 60 فیصد حصہ بتایا جاتا ہے۔
اسسٹنٹ کلیکٹر کیپرا عمران احمد ٹیکس نیٹ میں رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں بتاتے ہیں کہ ان میں خدمات فراہم کرنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس میں صرف سروسز فراہم کرنے والے افراد شامل نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے جو خدمات فراہم کی جاتی ہیں وہ خود بھی ان پر ٹیکس وسول کرتی اور کیپرا کے پاس جمع کراتی ہے۔
رجسٹریشن کے طریقہ کار بارے بتایا "ہمارے ایکٹ کے مطابق اس میں سب سے پہلے ٹیکس پیئر (ٹیکس جمع کرنے والا) کو این ٹی این (نیشنل ٹیکس نمبر) بنانا ہو گا، جس کے بعد شناختی کارڈ کے ساتھ این ٹی این نمبر اور بینک سٹیٹمنٹ ادارے کے پاس جمع کرنا ہو گا جبکہ رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں ہے۔ یہ سارا عمل آن لائن بھی ہو سکتا ہے۔”
عمران کا کہنا تھا کہ کیپرا ٹیکس ادائیگی ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس میں آسانی یہ ہے کہ اگر آپ کا کاروبار چل رہا ہو تو آپ ٹیکس ادا کریں گے اور اگر کاروبار نہیں چل رہا تو آپ کے اوپر کوئی ادائیگی لاگو نہیں ہو گی۔
خیبر پختونخوا میں ٹیکس رواج بڑھانے کیلئے کیپرا کی جانب سے اپنے عملے کیلئے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں انہیں ٹیکس وصولی کا طریقہ کار اور ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے پر زور دیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے ڈیجیٹل فرانزک کے شعبے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے عہدیداروں کی صلاحیتیں مزید نکھارنے کے لئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹیکس کولیکشن سے وابستہ درجنوں عہدیداروں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا اہتمام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں عہدیداروں کو ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد، اداروں کے ریکارڈز کی ضبطی، ضبط شدہ ریکارڈ سے معلومات کا اخراج اور ٹیکس عدالتوں میں ان ریکارڈز سے حاصل شدہ شواہد کو پیش کرنے کے حوالے سے تربیت دی گئی۔
اس حوالے سے ورکشاپ میں شریک شمالی علاقہ جات کے لئے کے پی آر اے کے ایڈیشنل کلیکٹر عمر ارشد کا کہنا تھا، "یہاں پر ہم نے ٹیکس کلیکشن کے حوالے سے نئی اصطلاحات اور طریقے سیکھے جن کے بارے میں ہم نے کبھی سُنا بھی نہیں تھا، اس پر یو ایس ایڈ کا بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں اتنا اچھا موقع دیا۔”
"اس ورکشاپ سے ہمیں ٹیکس کلیکشن اور آئی ٹی سائد پر فائدہ ہوگا۔ اس ورکشاپ سے ہم نے اتنا کچھ سیکھا کہ آئندہ ہم آنے والے مسائل سے اچھے طریقے سے نمٹ سکیں گے۔” انسپکٹر روبینہ بلوچ نے کہا۔
خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم (RIMS) چلانے والے ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے لیے آگاہی اور مانیٹرنگ مہم شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں کے پی آر اے کے عہدیداروں نے پشاور میں ریمز چلانے والے مختلف ریسٹورینٹس اور ہوٹلز کا دورہ کیا، ان کی رسیدیں چیک کیں اور اس سسٹم پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی۔ عہدیداروں نے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز مالکان کو آپریشنز سے متعلق کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔
خیبر پختونخوا کے شمالی علاقہ جات میں سروسز کے شعبے سے وابستہ 200 سے زیادہ کاروباری افراد اور اداروں نے خود کو خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کر لیا۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کے تعاون سے شمالی علاقہ جات میں دس روزہ مہم میں کے پی آر اے کی ٹیم نے مانسہرہ، گلیات، بالاکوٹ، ناران، کاغان اور دوسرے ملحقہ علاقہ جات میں سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور اداروں کی دہلیز پر جا کر ان کو موقع پر رجسٹریشن اور ان کو سیلز ٹیکس آن سروسز کے متعلق معلومات فراہم کیں۔
مہم کے دوران مانسہرہ ٹینٹ سروس ایسوسی ایشن نے بھی کیپرا کے ساتھ رجسٹریشن کر کے اپنا قانونی ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔