لائف سٹائل

بی آر ٹی کے کرایوں میں بھی اضافے کا اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بی آر ٹی کے کرایے بھی بڑھا دیئے گئے۔

خیبر پختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی کی جانب سے آئندہ مالی سال میں زو پشاور کے کرایوں میں معمولی اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

ترجمان ٹرانس پشاور صدف کامل کے مطابق زو بائی سائیکل شیئرنگ سسٹم کے کرایوں میں پچاس فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جلد متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق موجودہ کرایے میں پانچ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اضافے کے بعد زو پشاور کا ابتدائی کرایہ 10 روپے سے بڑھ کر 15 روپے ہو جائے گا، کرایہ میں اضافہ کا اطلاق یکم جولائی، 2022 سے ہو گا۔

صدف کمال نے مزید بتایا کہ رواں مالی کے سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، کووڈ 19 کے دوران سخت اقتصادی حالات کے باوجود بی آر ٹی پشاور کے کرایوں، زو کارڈ اور سنگل ٹکٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق زو بائی سائیکل کے کرائے میں کمی سے طالب علموں کو سہولت کے ساتھ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی، اگست 2020 میں بی آر ٹی پشاور کے اجراء کے بعد پہلی دفعہ کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے، گزشتہ کرایہ طے کرتے وقت ڈیزل کی قیمت 104 روپے فی لیٹر تھی، کرایہ میں موجودہ پانچ روپے کا اضافہ ڈیزل کی گزشتہ قیمت میں 160 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرائے میں اضافے کے باوجود زو پشاور عوام کو نہایت ہی مناسب قیمت میں بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت مہیا کر رہا ہے، زو پشاور شہریوں کو محفوظ، ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button