ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے شدید بارشوں کا امکان، الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے بعد این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا جس میں صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں، اور یہ تاکید کی گئی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بارش کے نئے اسپیل سے خیبر پختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے جب کہ شدید بارشوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات پشاور کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں بارش کے ساتھ ژالہ باری جبکہ صوابی، پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسمعیل خان جیسے میدانی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے
بیان میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ الرٹ رہیں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع کریں۔