لائف سٹائل

رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہو گا

رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہو گا۔

رویت ہلال کی لاہور اور کراچی کی زونل کمیٹیوں نے رمضان المبارک 1443 چاند نظر آنے کی رپورٹ مرکزی کمیٹی کو کر دی ہے، جبکہ اسلام آباد سے بھی رویت ہلال کی گواہیاں موصول ہو گئیں جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کل ملک بھر میں پہلے روزے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقاف کے دفتر میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ علاوہ ازیں رویت ہلال کمیٹی کی زونل اور اضلاعی کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات بشمول مذہبی امور، کوہسار بلاک، اسلام آباد میں موجود رہیں۔

پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہور میں ہوا۔ چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اپیل کی کہ عوام الناس اور ادارے چاند کی رویت کی اطلاع مقامی انتظامیہ، زونل کمیٹی کو دیں۔

دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے آج رمضان المبارک کا چاند واضح طور پر نظر آنے کی پہلے ہی پیش گوئی کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں چاند نظر آنے کے بعد شمالی وزیرستان میں بھی رویت ہلال سے متعلق گواہیاں موصول ہوئی تھیں، شمالی وزیرستان کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بعض لوگوں کا آج پہلا روزہ تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button