کرک میں ٹیری مندر کی تعمیر نو، بھارت سے سینکڑوں ہندو یاتری مندر پہنچ گئے
غلام اکبر مروت
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں ٹیری مندر کی تعمیرنو اور بحالی کے بعد پڑوسی ملک بھارت کے ہندو کمیونٹی کے افراد ٹیری پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے ٹیری میں ہندو مذہبی پیشوا شری پرم ہنس جی مہاراج کی سمادھی اور ٹیری مندر کی بحالی(تعمیر نو)کا کام مکمل ہونے کے بعد پہلی بار پڑوسی ملک بھارت کے ہندو کمیونٹی کے یاتریوں کی ٹیری آمد کے سلسلے میں حکومت سمیت ہندو کونسل پاکستان کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سال 2022 کے پہلے دن ٹیری مندر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے ہفتے کی صبح دبئی سے ہندو کمیونٹی کے 15مرد وخواتین اور بچوں پر مشتمل قافلہ پشاور ائیر پورٹ پہنچا جہاں سے ان کو سخت سیکیورٹی میں ٹیری مندر پہنچایا گیا۔
اس موقع پر ہندو کمیونٹی کے لیگل افیئر کے انچارج روہیت کمار ایڈووکیٹ سمیت دیگر یاتریوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیری سمیت ہندوؤں کے دیگر مذہبی جگہوں کی حفاظت اور مقامات کو مذہبی سیاحوں کیلئے کھولنے کے احسن اقدام کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ سے پوری دنیا کو مثبت پیغام ملے گا جبکہ حکومت پاکستان کا یہ احسن اقدام پڑوس ممالک بالخصوص بھارتی حکومت کیلئے بھی ایک مثبت پیغام ہے اور بھارتی حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ اپنے ملک میں مسلمانوں کو ان کے مذہبی مقامات تک رسائی دینے کے ساتھ ساتھ مذاہب اور انسانیت کے درمیان فاصلے ختم کریں۔
دریں اثناء بھارت سے ہندو کمیونٹی کے 200تک مرد وخواتین یاتریوں کا قافلہ واہگہ بارڈر کے ذریعے صبح تقریبا 11بجے پاکستان میں داخل ہوا اور وہاں لاہور کے ہوائی اڈے سے بذریعہ ہوائی جہاز پشاور ہوائی اڈے پہنچا جہاں سے کل عصر تقریباً پانچ بجے پشاور سے ٹیری کیلئے روانہ ہوئے۔
بھارتی یاتریوں کا یہ قافلہ عشاء تک ٹیری پہنچنے کے بعد مذہبی رسومات ادا کرتے ہوئے ٹیری مندر میں رات قیام کرینگےجس کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔