لائف سٹائل

بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں ہفتے کی رات سے بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی جس کے بعد پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

پی ڈی ایم اے مراسلے کے مطابق محکمہ موسمیات نے ہفتے کی رات سے لوئر و اپر دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹ گرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، چترال، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرک، کرم، بنوں، لکی مروت، جنوبی و شمالی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ اس دوران پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

مراسلے کے مطابق موسلادھار بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں اور چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button