چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو ہم سے بچھڑے 38 برس بیت گئے
پاکستان فلم انڈسٹری کے درخشاں ستارے اور چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 38 برس بیت گئے لیکن اب بھی وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
چاکلیٹی ہیرو کے نام سے اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار وحید مراد دو اکتوبر 1938 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1962 میں فلم ہیرا اور پتھر سے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کیا۔ وحید مراد نے فلموں میں اداکاری کے دوران ہیئر اسٹائل اور لباس کی صورت میں فیشن کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کروائے۔
وحید مراد نے اپنے فلمی کرئیر میں 150 فلموں میں بطور رومانوی کردار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی مشہور فلموں میں ہیرا اور پتھر، دل میرا دھڑکن تیری، ارمان، عندلیب، مستانہ اور دیور بھابھی شامل ہیں۔
شاندار اداکاری پر لیجنڈ اداکار وحید مراد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اپنے عروج کے دوران لاکھوں دلوں کو موہ لینے والا یہ اداکار صرف 45 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوا۔ پاکستان فلم انڈسٹری کا ستارہ 23 نومبر 1983 کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رخصت ہو گیا۔