بین الاقوامیعوام کی آواز

ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ، 8 اسرائیلی ہلاک، 300 زخمی

تہران پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیل کے مختلف شہروں پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی۔ ایرانی حملے کو اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں کم از کم 8 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایرانی میزائل تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں گرے، جن کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم اور پاور پلانٹ میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔

صہیونی فوج نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اسرائیلی دفاعی نظام ایک بار پھر ایرانی حملے کو روکنے میں مکمل ناکام رہا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حیفہ میں واقع ایک حساس تنصیب پر میزائل گرنے سے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جن کی تصدیق شہر کے میئر یونا یاہاؤ نے کی۔ میئر نے کہا کہ یہ تنصیب ہمارے لیے اہم ہے، تاہم یہ بہتر ہو گا اگر اسے یہاں سے ہٹا لیا جائے۔

ریسکیو ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم کے مطابق چار اموات پیتہ تیکوا اور ایک موت بنی براک کے علاقے میں ہوئی، جب کہ دیگر شہروں میں بھی درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق حیفہ میں آگ بجھانے کا عمل جاری ہے، جب کہ کئی علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ بعض شہروں میں بنیادی سہولیات متاثر ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ یہ حملہ ایران کے آپریشن "وعدہ صادق 3” کا حصہ بتایا جا رہا ہے جو تہران پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں شروع کیا گیا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے حملے جاری رکھے تو جوابی کارروائی مزید سخت ہو سکتی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button