بین الاقوامیعوام کی آواز

ٹرمپ کے حکم پر وائس آف امریکہ سمیت سات وفاقی اداروں کی فنڈنگ معطل، نشریات بند

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر، وائس آف امریکہ (VOA) اور ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی (RFE/RL) سمیت سات وفاقی اداروں کی فنڈنگ معطل کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ان اداروں کی نشریاتی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔

15 مارچ کو صدر ٹرمپ نے امریکی ایجنسی برائے گلوبل میڈیا (USAGM) کو بند کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد VOA کے 1,300 سے زائد ملازمین کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا تھا۔ وائس آف امریکہ عالمی سطح پر 50 سے زائد زبانوں میں خبریں نشر کرتا تھا جس کا مقصد دنیا بھر میں آزاد صحافت کا فروغ تھا۔

وائس آف امریکہ کے ڈائریکٹر، مائیکل ابرا مووٹز نے اس فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "VOA کی 83 سالہ تاریخ میں پہلی بار اس کی نشریات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ادارہ دنیا بھر میں آزادی اور جمہوریت کے لیے ایک اہم آواز تھا۔”

اس فیصلے کے نتیجے میں ریڈیو فری ایشیا (RFA) کی فنڈنگ بھی معطل ہو گئی ہے، جو چین اور شمالی کوریا جیسے خطوں میں آزاد خبریں فراہم کرتا تھا، اور ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی (RFE/RL) کی نشریات بھی متاثر ہوئی ہیں، جو روس، یوکرین اور مشرقی یورپ کے دیگر ممالک میں آزاد اطلاعات فراہم کرتا تھا۔ یہ تمام ادارے غیر جمہوری ممالک میں آزاد معلومات کے نادر ذرائع سمجھے جاتے تھے۔

وائس آف امریکہ کو 1942 میں دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا اور حالیہ اعداد و شمار کے مطابق یہ ادارہ ہر ہفتے تقریباً 36 کروڑ افراد تک اپنی نشریات پہنچاتا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بجٹ میں کٹوتیوں کے فیصلے کے تحت، بین الاقوامی میڈیا کے علاوہ عوامی کتب خانوں اور بے گھر افراد کی فلاح و بہبود کے اداروں کی فنڈنگ بھی محدود کر دی گئی ہے۔

14 مارچ کو جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت جن سات وفاقی اداروں کی فنڈنگ معطل کی گئی ہے، ان میں شامل ہیں:

  • امریکی ایجنسی برائے گلوبل میڈیا (USAGM)
  • فیڈرل میڈی ایشن اینڈ کنسلیئیشن سروس
  • ووڈرو ولسن انٹرنیشنل سینٹر فار اسکالرز
  • انسٹی ٹیوٹ آف میوزیم اینڈ لائبریری سروسز
  • امریکی انٹراجنسی کونسل برائے بے گھر افراد
  • کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فنڈ
  • مائنارٹی بزنس ڈیولپمنٹ ایجنسی

یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی حکومتی اخراجات میں کمی کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف دیگر شعبے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button