سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگانے والے سعودی عرب جاسکتے ہیں
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خلاف چینی ویکسین سائنو فارم اور سائنو ویک کی بھی منظوری دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے کورونا کی منظور شدہ ویکسینز کی تعداد 6 ہوگئی ہے جن میں ایسٹرا زینیکا، فائزر، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا بھی شامل ہیں۔
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے کورونا ویکسی نیشن کا سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین کا کورس مکمل کیا ہے انہیں ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ انہیں اپنے ملک کی منظورہ شدہ بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہوگی۔
اس سے قبل سعودی عرب نے صرف 4 ویکسین کو منظور کیا تھا جس کی مکمل خوراکیں لینے والوں کو ہی ملک میں داخلے کی اجازت تھی تاہم اب چینی ویکسینز کا کورس مکمل کرنے والے بھی سعودی عرب میں داخلے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ روز کورونا کے 353 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جس سے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے سائنو فارم ویکسین لگوانے والوں کو داخلے کی اجازت دی تھی۔
دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے تقریباً 4 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 141 اموات رپورٹ ہوئیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 61 ہزار 410 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4199 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 141افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہونے والی 141 اموات تقریباً گزشتہ 4 ماہ میں ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔ اس سے قبل ملک میں 3 مئی کو کورونا سے 161 افراد انتقال کرگئے تھے۔