طالبان کے قبضے کے بعد طورخم بارڈر بند، کابل میں پھنسی پاکستانی خاتون کا وزیراعظم کے نام ویڈیو پیغام
نبی جان اورکزئی
افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے ایک اور اہم شہر جلال آباد پر بھی قبضے کے اطلاعات کے بعد پاک أفغان طورخم بارڈر ہر قسم آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے گزشتہ شب ننگرہار ولایت کے دارالحکومت جلال آباد پر بغیر کسی مزاحمت کے قبضہ کر لیا ہے۔ گورنر نے عام لوگوں کی جاں و مال کے تحفظ کے خاطر شہر کا اختیار خود طالبان کے حوالے کر دیا ہے جس سے پاک أفغان شاہراہ کا کنٹرول بھی طالبان کے ہاتھ آ گیا ہے۔
طورخم بارڈر کے کنٹرول کے بعد سرحد کو پیدل اور تجارتی گاڑیوں سمیت ہر قسم آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ افغان سائیڈ طورخم بارڈر پر صبح سویرے سے وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ بھی جاری ہے تاہم أفغان حکومت کی جانب سے جلال آباد اور طورخم پر طالبان کے قبضے کے حوالے سے کسی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب عسکریت پسندوں نے اتوار کی صبح تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں انہیں صوبہ ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد میں گورنر کے دفتر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ چند ہفتے پہلے أفغان طالبان نے بلوچستان سے ملحقہ سپین بولدک بارڈر پر بھی قبضے کے بعد سرحد امد و رفت کے لئے بند کر دیا تھا تا ہم چند دن بھی دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
دوسری جانب أفغانستان کے مختلف صوبوں پر طالبان کے قبضے کے بعد صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہیں اور ملک میں پاکستانیوں سمیت کئی ملکوں کے شہری پھنس چکے ہیں۔
کابل میں اسی طرح پھنسی ایک خاتون نے وزیراعظم عمران خان کے نام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان اپیل کی گئی ہے کہ ان سمیت وہاں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کو نکالنے کا بندوبست کیا جائے۔ خاتون نے یہ شکوہ بھی کیا ہے کہ کابل میں موجود سفارتخانہ ان سے قسم کا رابطہ نہیں کر رہا اور نہ ہی ان کے کالز سنے جا رہے ہیں۔