امریکا کا افغانستان سے سفارتی عملے کے انخلا کے لیے فوج بھیجنے کا اعلان
امریکا نے افغانستان سے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو نکالنے کے لیے کابل ایئرپورٹ پر 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق امریکی محکمہ دفاع نے بھی تصدیق کردی ہے۔ امریکی فوجی 24 سے 48 گھنٹے میں ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔
ترجمان پینٹا گون جان کربی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں افغانستان میں 3 انفینٹری بٹالینز کو بھیجا جائے گا۔ دو دن میں امریکی فوجی دارالحکومت کابل پہنچ جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق برطانیہ بھی اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے 600 فوجی افغانستان میں تعینات کرے گا۔
دوسری جانب طالبان نے افغانستان کے دوسرے اہم ترین شہر قندھار پر بھی قبضہ کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزنی اور ہرات مکمل طور پر طالبان کے کنٹرول میں جا چکے ہیں جس کے بعد طالبان کے زیر قبضہ صوبوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور طالبان کابل سے صرف 130 کلومیٹر دور رہ گئے ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ کابل پر طالبان کا قبضہ صرف 3 ماہ کی کہانی رہ گیا ہے، حملے روکنے کے لیے افغان حکومت نے طالبان کو اقتدار میں شراکت کی پیشکش کر دی ہے۔