اسلام آباد: افغان سفیر کو سفارتی عملے سمیت واپس بلا لیا گیا
افغانستان نے پاکستان میں موجود افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کو سفارتی عملے سمیت واپس بلا لیا۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک ٹویٹ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل اور سینئر سفارتی عملے کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر واپس بلا لیا گیا ہے، افغانستان کا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں اس واقعے اور اس کے دیگر عوامل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے پاکستان سے اپنے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کو بدقسمتی اور افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ سفیر کی بیٹی کے اغوا اور حملے کی اطلاع پر وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلی سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ سفیر، ان کے اہل خانہ اور افغان قونصل خانے کے دیگر عملے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
https://twitter.com/mfa_afghanistan/status/1416792027359072263
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات پر روشنی ڈالی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم حکومتِ افغانستان کی جانب سے اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کی امید رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی پر مبینہ تشدد اور اغوا کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا واقعہ 16 تاریخ کو پیش آیا، جس کے بعد وزیراعظم نے کیس کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لڑکی کے بیان پر تھانہ کوہسار میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ میں 365، 354 اور دیگر دفعات لگائی گئی ہیں، امید ہے کہ ملزمان کو ایک دو دن میں گرفتار کر لیا جائے گا۔