زیادہ خوش کون، پاکستانی یا بھارتی؟
اقوام متحدہ نے زیادہ خوش رہنے والے ممالک کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں پاکستان نے بھارتیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کو دنیا کا خوش ترین ملک قرار دیا گیا ہے، فہرست میں دوسرے نمبر پر آئس لینڈ اور تیسرے پر ڈنمارک موجود ہے۔
خوش و خرم ممالک کی فہرست میں سوئٹرز لینڈ چوتھی اور نیدرلینڈز پانچویں پوزیشن پر ہیں، امریکہ چار درجے ترقی کے بعد اٹھارہ سے چودہ نمبر پر آ گیا ہے۔
رپورٹ میں گیلپ ڈیٹا کا استعمال کیا گیا ہے جس میں 149 ممالک کے لوگوں کو اپنی خوشی کا درجہ دینے کے لئے کہا گیا تھا۔
اس فہرست میں ہندوستان 139 ویں پوزیشن پر موجود ہے، صرف برونڈی، یمن، تنزانیہ، ہیٹی، مالاوی، لیسوتھو، بوٹسوانا، روانڈا، زمبابوے اور افغانستان کو ہندوستان سے زیادہ ناخوشگوار قرار دیا گیا۔
بھارت کے ہمسائیہ ممالک میں پاکستان دنیا کا 105واں خوش ترین ملک ہے جب کہ چین 84 ویں، نیپال 87، بنگلہ دیش 101، میانمار 126 اور سری لنکا 129 ویں نمبر پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں پاکستان 67 جب کہ بھارت 144 ویں نمبر پر موجود تھا۔
یہ بھی خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوشیوں کا عالمی دن منایا گیا۔
اس دن کے منانے کا مقصد دنیا بھر میں لوگوں کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں خود بھی خوش رہیں اور آس پاس کے لوگوں اور احباب کے چہروں پر بھی مسکراہٹیں لانے کی کوشش کریں۔