بین الاقوامی

ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کرونا تحقیقات کے لیے ووہان پہنچ گئی

عالمی وبا کورونا وائرس کے متعلق تحقیقات کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم چین کے شہر ووہان پہنچ گئی ہے جہاں سے یہ وبا پھوٹی تھی۔

چینی میڈیا کی جانب سے ماہرین کی ٹیم کے ووہان پہنچنے کی تصدیق کے ساتھ ساتھ ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ چند روز قبل چائنیزنیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ڈبلیو ایچ کی 10 ماہرین پر مشتمل ٹیم چینی سائنسدانوں کیساتھ مل کر کورونا وائرس کی ابتداء سےمتعلق تحقیق کرے گی۔

ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد اصل وجہ تک پہنچنا ہے ناکہ چین کو ذمہ دار ٹھہرانا۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم ووہان میں ایک ماہ کا عرصہ گزارے گی جس میں دو ہفتے قرنطینہ کے ہیں۔ اس ٹیم میں وبائی اور جانوروں کے امراض کے ماہرین بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کو چین میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی جس کے سبب چینی حکام کو سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ گزشتہ کئی ماہ سے اقوام متحدہ کا یہ ادارہ عالمی ماہرین پر مشتمل دس رکنی ایک ٹیم کو چین بھیجنے کی کوششوں میں تھا تاکہ ماہرین اس بات کی تفتیش کر سکیں کہ آخر کورونا وائرس کی ابتد کیسے ہوئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button