وزیراعظم کا کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے دس نکاتی ایجنڈا کیا ہے؟
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے دس نکاتی ایجنڈا پیش کر دیا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں کہا کہ وباء کے خاتمے تک کم آمدن اور غریب ممالک کے قرض معطل کیے جائیں، پسماندہ ملکوں کے قرضے معاف کیے جائیں اور ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے۔
وزیراعظم کاکہنا تھاکہ 500 ارب ڈالر کا خصوصی فنڈ مختص کیا جائے، کم ترقی پذیر ملکوں کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت دی جائے اور کم شرح پر قلیل مدتی قرضے فراہم کیے جائیں جب کہ ترقی میں معاونت سے متعلق وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سالانہ 15 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ملکوں میں موسمیاتی تبدیلی کے لیے سالانہ 100 ارب ڈالر کا ہدف یقینی بنانے اورترقی پذیر ملکوں سے رقم کا غیر قانونی انخلا روکنے کےلیے فوری اقدامات کرنےکی تجویز بھی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضروری ہے کہ بدعنوان سیاست دان اور جرائم پیشہ افراد کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے، انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سالانہ 15 کھرب ڈالر کی سرمایہ کی جائے، معاشی سیکیورٹی، تنازعات کے خاتمے کے لیے یو این کے چارٹر پر عمل یقینی بنایا جائے۔