صدر مملکت اور وزیراعظم کی نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو مبارکباد
وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی پر نومنتخب صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کمالہ ہیرس کو مبارک باد پیش کی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ نومنتخب امریکی صدر بائیڈن کی جانب سے جمہوریت پر عالمی سربراہ کانفرنس کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ مل کر غیر قانونی ٹیکس کی جنتوں کا خاتمہ کریں جہاں کرپٹ لیڈروں کی جانب سے قوموں کی دولت منتقل کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ نو منتخب امریکی صدر کے ساتھ افغان امن اور خطے کے استحکام کیلئے بھی مل کر کام جاری رکھیں گے۔
ادھر صدر مملکت عارف علوی نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ طویل مدتی دوستی کو جاری رکھنے اور باوقار تعلقات کا خواہاں ہے۔
اپنے بیان میں صدر عارف علوی نے نائب صدر کمالہ ہیرس کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عالمی سطح بالخصوص افغانستان اور پورے خطے کے امن کے لئے بہتر امریکی کوششوں کا منتظر رہوں گا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ طویل مدتی دوستی کو جاری رکھنے اور باوقار تعلقات کا خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن بالآخر صدر ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔