افغانستان: اب شناختی کارڈ پرباپ کے ساتھ ماں کا نام بھی لکھا جائے گا
افغان صدر نے بچے کے شناختی کارڈ پر باپ کے ساتھ ماں کا نام درج کرنے کے قانون پر دستخط کردیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے دیرینہ مطالبے کو حکومت نے منظور کرلیا اور افغان صدر اشرف غنی نے بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ سمیت شناختی کارڈ پر بھی ماں کا نام درج کرنے کے قانون پر دستخط کردیے۔
افغان صدر اشرف غنی نے شناختی کارڈ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ پر ماں کا نام درج کرنے کے لیے قانون میں اصلاحات پر جمعرات کے روز دستخط کیے جسے افغانستان میں انسانی حقوق اور خواتین کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اپنی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
افغان صدر کے ترجمان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ صدارتی حکم نامے کی بنیاد پر قومی شناختی کارڈ پر ماں کا نام دیگر ذاتی معلومات کے ساتھ درج کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے جنوبی ایشیا میں بچے کے شناختی کارڈ پر صرف والد کے نام پر شدید تنقید کی تھی اور اسے خواتین کے خلاف صنفی امتیاز قرار دیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق افغانستان میں تین سال قبل ’وئیر از مائی نیم‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس میں اہم شخصیات اور اراکین پارلیمنٹ بھی شریک تھے۔
حکومتی فیصلے پر افغان کابینہ کی کمیٹی برائے قانونی امور کا کہنا تھاکہ شناختی کارڈ پر ماں کا نام شامل کرنا صنفی برابری اور خواتین کے حقوق کو تسلیم کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
واضح رہے کہ افغان حکومت کی طرف سے شناختی کارڈ پر ماں کا نام شامل کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان دوحہ میں مذاکرات جاری ہے۔