بین الاقوامی

سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

سعودی عرب نے یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی جب کہ عمرے سے متعلق لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کے مطابق سعودی شہری بیرون ملک آجا سکیں گے جب کہ خروج وعودہ (مخصوص ویزے) پر موجود غیر ملکیوں کو سعودی عرب واپس آنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے 12 مارچ کو کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے یورپی یونین سمیت 12 نئے ممالک پر سفری پابندی عائد کرتے ہوئے عمرہ زائرین اور وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ اس سال حج کو بھی محدود رکھا گیا تھا اور باہر کے ممالک سے کوئی بھی حج ادا نہ کرسکا۔ سعودی حکومت نے 24 جون کو اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عازمین کی تعداد کو محدود رکھتے ہوئے صرف سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو حج کی اجازت دی جائے گی۔ وزارت حج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’’ہجوم اور لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے کورونا کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں برس حج محدود عازمین کے ساتھ ہوگی‘‘۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ’’سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے شہری حج کی ادائیگی کرپائیں گے اور یہ فیصلہ حج کو محفوظ طریقے سے ادا کرنے کے لئے کیا گیا ہے‘‘۔ سعودی حکومت نے کہا تھا کہ ’’صحت عامہ کے پیش نظر لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے‘‘۔

خیال رہے کہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال سعودی عرب جاتے ہیں اور رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا۔ رواں برس کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک کے عازمین سعادت حج سے محروم رہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button