سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو پولیس نے گرفتار کرلیا
مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس میں گتھیاں الجھتی جارہی ہیں اور ایک کے بعد ایک انکشافات سامنے آرہے ہیں۔
اداکار کی موت کی تحقیقات میں ان کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی، ان کے خاندان اور دیگر دوستوں سے مسلسل پوچھ گچھ کی جارہی تھیں اور اسی دوران بھارتی تفتیشی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی تحقیقات میں منشیات کے استعمال کا معاملہ سامنے آیا جس کے بعد تفتیش میں نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) بھی شامل ہوگیا تھا۔
این سی بی نے اداکارہ کو ممنوعہ منشیات کی خریداری اور استعمال کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تیسری بار طلب کیا تھا جہاں انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا، اداکارہ پر منشیات کی خریداری اور فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی کے پاس ریا کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں اور گرفتاری کے بعد اداکارہ کا میڈیکل اور کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ بعدازاں اداکارہ کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت کی درخواست منسوخ کردی گئی جس کے بعد اداکارہ کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔
سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔