بین الاقوامی

افغان طالبان کا وفد آج اسلام آباد پہنچ رہا ہے

افغان طالبان کا سیاسی وفد آج قطر سے اسلام آباد پہنچے گا۔ ترجمان کے مطابق ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں آنے والے ارکان سے افغان امن عمل میں پیش رفت پربات چیت ہوگی۔

ملا عبدالغنی برادر کی قيادت ميں افغان طالبان کا وفد آج پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد کے ساتھ افغان امن عمل میں پیش رفت پربات چیت ہوگی۔ وفد افغان دھڑوں کے درمیان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی قیادت سے بات چیت کرے گا۔ امریکا طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاہدے کے تحت افغانستان میں معاملات تیزی سے امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ میں قائم ان کے سیاسی دفتر سے اعلیٰ سطح کا وفد مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہو چکا ہے۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں دورے کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کی دعوت پر پاکستان جانے والے وفد کی ملا برادر قیادت کریں گے۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ امارت اسلامیہ کے عہدیدار امن عمل کے بارے میں اپنے خیالات پیش کرنے کیلئے تنظیم کی سیاسی حکمت عملی کے حت دنیا کے دیگر ممالک کے دورے باقاعدگی سے کرتے ہیں۔

دوحہ میں موجود طالبان ذرائع کے مطابق وفد کے دیگر اراکین میں خیر اللہ خیر خواہ، محمد نبی عمر، شاہ بدین دلاور اور عبدالطیف منصور شامل ہیں۔

خیال رہے کہ طالبان وفد کی جانب سے پاکستان کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہونے والا ہے جب صرف چند روز قبل 18 اگست کو وزارت خارجہ نے 2 سیچوریٹی ریگولیٹری آرڈر (ایس آر او) جاری کیے تھے جس میں افغان طالبان سمیت متعدد دہشت گرد عناصر پر اثاثے منجمد، سفر اور اسلحے سے متعلق پابندیوں کا حکم دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ تقریباً دو دہائیوں پر محیط امریکی تاریخ کی سب سے طویل جنگ اور امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے سلسلے میں رواں سال 29 فروری کو امریکا اور طالبان نے ایک تاریخی معاہدہ کیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ کابل حکومت نے چند روز قبل جرگے کے بعد طالبان کے 400 قیدی رہا کرنے کی منظوری دی تھی تاہم رپورٹس کے مطابق اب افغان حکومت نے ان میں سے چند قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث بین الافغانی امن مذاکرات تعطل کا شکارہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button