امریکا میں آن لائن کلاسز لینے والے غیرملکی طلبہ کو وطن واپس جانے کا حکم
کورونا وائرس کے پیش نظر امریکا سمیت مختلف ممالک میں تعلیمی ادارے بند ہیں اور آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ اس صورتحال میں امریکا نے اعلان کیا ہے کہ ایسے تمام غیر ملکی طلبہ جو امریکا میں تعلیمی ویزے پر موجود ہیں اگر وہ آن لائن کلاسز لے رہے ہیں تو اپنے اپنے ملک واپس لوٹ جائیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ویزا حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کو پہلے امریکا میں ہی قیام کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن اب اس پر نظر ثانی کرکے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو غیر ملکی طلبہ مکمل طور پر اپنا سیمسٹر آن لائن لے رہے ہیں وہ اپنے ملک واپس چلے جائیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف ان طلبہ کو رکنے کی اجازت ہوگی جو امریکا میں کسی ٹوئٹر سے ٹیوشن کلاسز لے رہے ہوں۔
اس حوالے سے امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) ایجنسی کا کہنا ہے کہ اگر طلبہ قوانین پر عمل نہیں کرتے ہیں تو انہیں ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آئی سی ای ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق ایف -1 ویزا اور ایم -1 ویزا رکھنے والے دونوں طلبہ پر ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے طلبہ ہر سال مختلف امریکی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلہ لیتے ہیں لیکن اس وقت دنیا بھر میں عالمگیر وبا کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں۔