لنڈی کوتل ہسپتال میں بجلی کا بحران، ایم ایس کی عوامی احتجاج کی دھمکی

محراب شاہ آفریدی
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احتشام نے ہسپتال میں جاری بجلی کے بحران کا ذمہ دار ٹیسکو حکام کو قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر پیر تک بجلی بحال نہ ہوئی تو وہ عوام کے ہمراہ ٹیسکو دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر احتشام نے کہا کہ ہسپتال میں بجلی کی معطلی ٹیسکو کی غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق ہسپتال کی انتظامیہ کا نہ میٹرائزیشن سے تعلق ہے اور نہ بجلی کی بندش سے، یہ تمام تر ذمہ داری ٹیسکو کے دائرہ کار میں آتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہسپتال کے ہاسٹلز اور سرکاری بنگلوں میں میٹرز کی تنصیب کا کام بھی ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر احتشام نے بتایا کہ ہسپتال کو روزانہ صرف چار گھنٹے بجلی مہیا کی جا رہی ہے، جس سے ایمرجنسی اور لیبر روم سمیت اہم یونٹس بری طرح متاثر ہیں۔ "عملہ موبائل ٹارچز کی روشنی میں کام کرنے پر مجبور ہے، جو مریضوں کی صحت کے لیے خطرناک ہے،” انہوں نے کہا۔
ایم ایس نے سابق ہسپتال انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجلی، ڈاکٹروں کی کمی، بلڈ بینک، آئی سی یو اور دیگر شعبہ جات کی زبوں حالی سابقہ قیادت کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ "کلاس فور ملازمین کو یونیفارم پہنا دینے سے ہسپتال نہیں چلتے،” ان کا کہنا تھا۔
اس صورتحال پر خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا اور ٹیسکو حکام نے مسلسل رابطوں کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا، اور ہسپتال کی بجلی بحال کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ ایک ہفتے کی کوشش کے بعد بالآخر ٹیسکو چیف سے واٹس ایپ پر رابطہ ہوا، مگر انہوں نے بلوں کی عدم ادائیگی کو جواز بنا کر بجلی کی بحالی سے انکار کر دیا۔ صاحبزادہ قادری نے اس جواب کو ‘انسانیت سوز’ اور ‘مضحکہ خیز’ قرار دیا۔ ان کے بقول، "مریض ایڑھیاں رگڑ رہے ہیں اور آپ بلوں کی بات کر رہے ہیں۔”
وزیر موصوف کے مطابق ہسپتال کا بجلی میٹر قریبی گریڈ اسٹیشن میں نصب ہے، جس کے درست یونٹس سے نہ انتظامیہ واقف ہے اور نہ ہی عوام۔ "یہ ایک کھلا مذاق ہے،” انہوں نے کہا۔
صاحبزادہ عدنان قادری نے کہا کہ وہ اس معاملے پر واپڈا ہاؤس پشاور کے سامنے عوام کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مشیر صحت احتشام سے بھی بات ہوئی ہے، جنہوں نے ہسپتال کو جلد از جلد سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم تب تک واپڈا سے فوری بجلی بحال کرنا ناگزیر ہے۔
صوبائی وزیر نے آخر میں زور دیا کہ "علاج کے اداروں کو سیاست سے پاک رکھا جائے، کیونکہ ہسپتال میں ہر مریض بلا امتیاز آتا ہے۔”
دوسری جانب ٹیسکو کے عملے سے مسلسل رابطے کے باوجود انکی جانب سے اس مسئلے پر کوئی موقف نہیں دیا گیا۔