گلگت بلتستان میں پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

گلگت بلتستان میں پولیو وائرس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آ گیا ہے. حکام کے مطابق دیامر کی تحصیل تانگیر سے تعلق رکھنے والا 23 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔
قومی ادارہ صحت (NIH) اسلام آباد نے وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گلگت بلتستان میں پولیو کا پہلا کیس ہے۔ متاثرہ بچے نے کسی دوسرے علاقے کا سفر نہیں کیا، تاہم جینیاتی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ وائرس کا تعلق کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے ہے۔
گلگت بلتستان کے سیکریٹری صحت آصف اللہ خان نے بھی کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "یہ گلگت بلتستان میں رپورٹ ہونے والا پہلا کیس ہے، اور اگرچہ بچہ علاقائی حدود میں ہی رہا، مگر وائرس کا کراچی سے تعلق بین الصوبائی سطح پر خاموش منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔”
سال 2025 میں اب تک پاکستان بھر میں پولیو کے 11 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس نے ملک میں جاری انسداد پولیو مہم کے باوجود صورتحال کو تشویشناک بنا دیا ہے۔