صحتعوام کی آواز

پشاور: ایچ ایم سی کے آپریشن تھیٹر میں بارش کا پانی ٹپکنے لگا

عبدالقیوم آفریدی

پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے نئے تعمیر شدہ آرتھوپیڈک اینڈ اسپائن یونٹ کے آپریشن تھیٹر میں بارش کا پانی ٹپکنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تعمیراتی معیار اور ممکنہ کرپشن پر شدید سوالات اٹھ گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ آپریشن کے دوران تھیٹر کی چھت سے بارش کا پانی رس رہا ہے۔ یہ ویڈیو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے اسی نئے یونٹ کی ہے جس کا افتتاح 20 مئی کو کیا گیا تھا اور جسے ہڈیوں کے آپریشن کے لیے خصوصی طور پر قائم کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں پشاور میں ہونے والی بارش کے بعد اس نئے بلاک کے آپریشن تھیٹر میں پانی ٹپکنے کا یہ واقعہ سامنے آیا، جس پر پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے الزام عائد کیا ہے کہ اس یونٹ کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال ہوا ہے اور منصوبے میں بدعنوانی کی گئی ہے۔ پی ڈی اے کے مطابق اس یونٹ کی تعمیر پر 4 ارب روپے لاگت آئی، اس لیے واقعے کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور زیرِ تعمیر اسپائن اینڈ ٹراما یونٹ میں تعمیراتی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چھت سے پانی کا رساؤ ایک عارضی اور تکنیکی مسئلہ تھا جو OT لائٹس کی انسٹالیشن کے دوران پیش آیا۔

معاونِ خصوصی نے ہسپتال انتظامیہ کو درپیش فنڈز کی کمی کے مسئلے پر فوری تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، جس کا مقصد ایمرجنسی اور آئی سی یو کے شعبوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے باقی تعمیراتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کئے جائیں گے جبکہ میڈیکل آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ ہسپتال کی طبی سہولیات مکمل طور پر فعال ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم عوامی منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے اپنا تمام کام مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔

دورے کے دوران ان کے ہمراہ سی اینڈ ڈبلیو پشاور کے انجینئرز اور ہسپتال انتظامیہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

Show More
Back to top button