خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ، رواں سال کی تعداد 5 ہو گئی

خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے مزید دو نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (EOC) کے مطابق تازہ کیسز بنوں اور لکی مروت سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان ای او سی کے مطابق جنوبی ضلع بنوں کے 28 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دوسرا کیس ضلع لکی مروت سے سامنے آیا ہے جہاں 26 ماہ کی ایک بچی پولیو سے متاثر پائی گئی ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد نے دونوں کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ ای او سی کا کہنا ہے کہ بنوں سے رواں سال یہ دوسرا کیس ہے، جبکہ تورغر، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت سے ایک ایک کیس سامنے آ چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران ملک بھر میں اب تک پولیو کے کل 10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے نصف صرف خیبرپختونخوا سے ہیں، جو پولیو کے حوالے سے اب بھی ایک حساس خطہ تصور کیا جا رہا ہے۔