صحتعوام کی آواز

مانسہرہ: عوامی شکایات پر مشیر صحت کی کارروائی، ناقص کارکردگی پر ایم ایس کو رپورٹ کرنے کا حکم

کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ کے ناقص انتظامات کی عوامی شکایات کے باعث خیبرپختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں ناقص انتظامی امور پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو شدید سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔

دورے کے دوران مشیر صحت نے گریڈ 19 کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد طارق کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ڈی جی ہیلتھ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر احتشام علی نے کہا کہ ہسپتال کے انتظامی امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مشیر صحت کے احکامات کے بعد کنگ عبداللہ ہسپتال کا انتظامی چارج ٹائپ ڈی ہسپتال بفہ کے ایم ایس ڈاکٹر محمد نعیم کو سونپ دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

احتشام علی نے کہا کہ جو افسر یا ملازم اپنے فرائض ایمانداری سے انجام نہیں دے گا یا عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکے گا، وہ اپنی جگہ پر نہیں رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی و انتظامی بہتری اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button