منکی پاکس کے حوالے سے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی کی جانب سے اہم اپڈیٹ
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی نے منکی پاکس سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے ایک پیغام جاری کیا ہے۔جس کے مطابق منکی پاکس عام طور پر فلو جیسی علامات سے شروع ہوتا ہے، جن میں بخار، سر درد، پٹھوں میں درد، اور تھکن شامل ہیں۔ یہ علامات ایک یا دو دن تک جاری رہ سکتی ہیں۔
بخار کے ایک سے تین دن بعد دانے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں، جو بعد میں جسم پر مزید ظاہر ہو سکتے ہیں۔ جسم ان علامات سے لڑتا ہے، اور لیمفاڈینوپیتھی، یعنی بڑھا ہوا لمف نوڈس، ابتدائی علامات کے بعد ظاہر ہوتا ہے۔ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں، مریض کو فوری طور پر دوسرے لوگوں سے الگ ہو جانا چاہیئے اور ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیئے۔
ارشاد روغانی کا کہنا ہے جہ اگر آپ منکی پاکس وائرس سے متاثر ہو جاتے ہیں، تو اس کا انکیوبیشن دورانیہ کافی طویل ہوتا ہے، اور یہ وائرس سب سے پہلے اندرونی اعضاء کو متاثر کرتا ہے۔ جنہوں نے حال ہی میں وسطی یا مغربی افریقہ یا یورپ کے ایسے علاقوں کا سفر کیا ہے جہاں منکی پاکس کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہ فوری طور پر قریبی ہسپتال میں معائنہ کروائیں۔
انکا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو عام طور پر زیادہ سے زیادہ 21 دن تک دوسرے لوگوں سے میل جول سے گریز کرنا چاہیے، ورنہ وائرس منتقل ہو سکتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق، منکی پاکس وائرس کی شرح اموات 3.6 فیصد سے 10.6 فیصد تک ہو سکتی ہے۔ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو آئسولیٹ کرے یہاں تک کہ مرض کی تمام علامات ختم ہو جائیں۔ مریض کے زیر استعمال چیزوں کو اچھی طرح صاف کریں اور غیر ضروری سامان کو تلف کر دیں۔