صحت

ضم اضلاع میں محکمہ صحت حکام کو دس گاڑیاں حوالہ کردی گئیں

 

خیبر پختونخوا حکومت نے ضم اضلاع کے دوردراز علاقوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کیلئے موبائل ہسپتال کی سہولت فراہم کی ہے۔ محکمہ صحت ضم اضلاع کے حکام کو دس گاڑیاں حوالے کی گئیں ہیں جوصحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم علاقوں میں بطور موبائل ہسپتال استعمال میں لائی جائیں گی۔

اس سہولت کے نتیجے میں معمولی آپریشن،لیبارٹری تجزیات،ایکسرے، ڈینٹل اور زچہ بچہ جیسی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔ مذکورہ گاڑیاں جرمن ڈویلپمنٹ بینک کے ایف ڈبلیو کی طرف سے 2013 میں قبائلی علاقوں کیلئے موبائل ہسپتال پروگرام کے تحت عطیہ کی گئی تھیں تاہم درکار مرمت کی وجہ سے غیر فعال کھڑی تھیں جنہیں ضروری مرمت کے بعد کارآمد بنا کر محکمہ صحت کے ضلعی حکام کے حوالے کیا گیا۔

اسی طرح محکمہ صحت کے پاس مذکورہ پروگرام کی سترہ مزید گاڑیوں کو بھی مرمت کرکے ان اضلاع میں صحت سہولیات کی غرض سے فراہم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ،نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور،سیکریٹری صحت محمود اسلم وزیر،سپیشل سیکریٹری صحت حبیب اللہ،سینئر پلاننگ آفیسر محکمہ صحت مستقیم،ضم اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں نگران وزیر ضم اضلاع، مشیر صحت اور سیکرٹری صحت نے مذکورہ گاڑیوں کی چابیاں ضم اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے حوالے کیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ مذکورہ گاڑیاں قومی اثاثہ ہیں جو بغیر کسی استعمال کے کھڑی تھیں جنہیں معمولی مرمت کے بعد ضم اضلاع کے عوام کی ضرورت اور فلاح وبہبود کیلئے فراہم کیا گیا ہے تاکہ صحت سہولیات کے فقدان والے علاقوں میں انہیں عوامی خدمت کیلئے زیر استعمال لایا جاسکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ صحت کے حکام ان گاڑیوں کو ضم اضلاع میں صحت سہولیات کے ناپید حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کے بہتر مفاد کے لیے استعمال میں لائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ ضم اضلاع کو فراہم کی گئی گاڑیوں دیہی علاقوں کے اندر بنیادی صحت کی درکار سہولیات سے لیس ہیں جو مقامی آبادی کیلئے ایک چلتا پھرتا ہسپتال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 10 گاڑیوں کے پہلے مرحلے کے بعد نگراں حکومت اس مقصد کیلئے ضم اضلاع کو مزید بھی اس طرح کی گاڑیاں فراہم کرے گی۔ سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت موبائل ہسپتال کی گاڑیوں کو ضروری ادویات،ایندھن اور دیگر ضروری آلات مہیا کرے گا تاکہ یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ چلے اور اس کے فوائد حکومت کی خواہش کے مطابق وہاں کے غریب عوام کو پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کو سہولیات بہم پہنچانے پر حکومت کی خاص توجہ ہے اور خواہش ہے کہ صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح ضم اضلاع میں بھی عوام کیلئے صحت کی تمام سہولتیں دستیاب ہوں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button