صحت

پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کا افتتاح کردیا گیا

 

انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز پشاور کا افتتاح کردیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے انسٹیٹیوٹ کا باضابطہ کا افتتاح کیا۔ انسٹیٹیوٹ کے قیام پر اب تک دو ارب 52 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

یہ انسٹیٹیوٹ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ ہے۔ انسٹیٹیوٹ میں ایمرجنسی یونٹ، او پی ڈی، آئی سی یو، سائکاٹرک یونٹ، فیملی کونسلنگ، بحالی مرکز سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہونگی۔

ابتدائی طور پر انسٹیٹیوٹ میں او پی ڈی سروسز کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ باقی سروسز کا اجراء مرحلہ وار کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا کہ پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس ادارے کا قیام وقت کی ایک اہم ضرورت تھی۔

اس اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ میں ذہنی امراض کا علاج اور دماغی صحت سے متعلق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ادارے میں منشیات کے عادی افراد کا علاج و بحالی کی سہولیات بھی میسر ہو گی۔ ادارے کو منظم انداز میں چلانے کے لیے الگ سے بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری دنیا میں دماغی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے جو تشویشناک ہے۔ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کو بھی اس چیلنج کا سامنا ہے۔ پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا قیام دماغی امراض میں مبتلا افراد کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔انسٹیٹیوٹ میں مینٹل ہیلتھ سائنسز سے متعلق مختلف کورسز بھی پڑھائے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button