ٹانک میں پولیو مانیٹرنگ ٹیم کو اغواء کرلیا گیا
غلام اکبر مروت
ٹانک کے علاقے کڑی عمر خان میں کل منگل کے روز پولیو مانیٹرنگ ٹیم کے چار اہلکاروں کو اغواء کر لیا گیا۔ ٹانک پولیس ترجمان کے مطابق پولیو ورکرز پولیو مانیٹرنگ کے لئے کڑی عمر خان گئے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی غیر موجودگی کے بارے میں سوال پر بتایا کہ پولیو مانیٹرنگ ٹیم بغیر سیکورٹی کے مانیٹرنگ کے لئے دور افتادہ علاقے میں گئی تھی۔
پولیو مانیٹرنگ ٹیم میں ایک خاتون شائلہ نور، ذوالفقار خان ،محمد شعیب اور ڈرائیور وحید شامل تھے۔ ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ نے ٹی این این کو بتایا کہ پولیو مانیٹرنگ ٹیم کی خاتون ورکر شائلہ نور اور ڈرائیور واحد کو چھڑوالیا گیا ہے جبکہ باقی دو ورکرز کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک افتخار علی شاہ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر سرچ آپریشن میں مصروف ہے۔ اس کے علاؤہ ضلع بھر میں ناکہ بندیاں لگادی گئیں ہیں تاکہ اغواء کاروں سے مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرایا جاسکے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ٹانک پولیس ترجمان کے مطابق پولیو مانیٹرنگ ٹیم کے اغواء کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او افتخار علی شاہ، ایس پی انویسٹیگیشن ناصر خان، ایس ڈی پی او جنڈولہ سید مرجان خان، عبدالعلی خان ایس ایچ او تھانہ شہید مرید اکبر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ جس کے دوران پولیو مانیٹرنگ ٹیم کی شائلہ نور اور واحد خان کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا جبکہ دو مغویوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔