خیبر پختونخوا میں رواں سال ڈینگی کے کیسز میں کمی کیسے آئی؟
ہارون الرشید
خیبر پختونخوا میں رواں سال ڈینگی بخار کے 500 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت کم بتائی جا رہی ہیں، جس کی بنیادی وجہ لاروا کو ختم کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر کیسز کی نشاندہی پر لائن ڈپارٹمنٹس کے بروقت اور مربوط اقدامات ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں اکتوبر کے وسط تک ڈینگی کے 16 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 500 تک رہ گئی ہے۔ 2022 میں تقریباً 18 اموات بھی ڈینگی بیماری کی وجہ سے ہوئیں جبکہ اس سال ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد احمد روغانی کے مطابق متاثرہ مریضوں میں 394 (79 فیصد) مرد اور 106 (21 فیصد) خواتین شامل ہیں۔ ان کے بقول ڈینگی نے 21 سے 30 سال کی عمر کے 139 افراد، 11 سے 20 سال کے 119، 31 سے 40 سال کے 102، 41 سے 50 سال کے 57، 50 سے 60 سال کے 26، ایک سے 10 سال کے 25 افراد اور 61 سے 70 سال کے 16 افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ باقی 80 سال سے اوپر تھے۔
ڈاکٹر ارشاد کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم ڈینگی کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، طلباء اپنے والدین پر ڈینگی کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری باقاعدگی سے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں جس میں انہوں نے ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور حکومتی پالیسی کے مطابق ہدایات جاری کیں۔
پشاور میں مقیم طبی ماہر حیاتیات محمد اجمل خان نے بتایا کہ ڈینگی کے کیسز میں کمی سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور دیگر اعلیٰ حکام کی کڑی نگرانی کا نتیجہ ہے جنہوں نے مسلسل میٹنگز کیں اور جاری سرگرمیوں کو چیک کرنے کے لیے ہاٹ سپاٹ کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم کسی بھی علاقے میں مثبت کیس کی تشخیص کرتے ہیں تو ہمارا عملہ اسی علاقے میں 50 گھروں کو چیک کرتا ہے۔ لاروا کی موجودگی کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور کمیونٹی کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں لوگوں کو لاروا کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور مچھروں کی پیداوار کو روکنے کے لیے اس کے خاتمے کا طریقہ بتایا جاتا ہے
ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ صوبے میں ریکارڈ کیے گئے انفیکشنز میں سے زیادہ تر کی لاہور، کراچی اور راولپنڈی و دیگر صوبوں میں سفر کی تاریخ تھی۔
واضح رہے کہ اس سال ملک بھر میں ڈینگی کے کل 9,349 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جن میں سے پنجاب میں 3,745، بلوچستان میں 3,053، خیبر پختونخوا میں 500، سندھ میں 1,291 اور اسلام آباد میں 760 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پشاور میں ڈینگی کے 103، صوابی میں 69، مردان میں 45، چارسدہ میں 37، بٹگرام میں 36، کوہاٹ میں 31، مالاکنڈ میں 26، ہری پور اور باجوڑ میں 20، مانسہرہ میں 18، ڈیرہ اسماعیل خان میں 15 اور نوشہرہ، ایبٹ آباد اور لکی مروت میں ایک ایک مریض رپورٹ ہوا ہے دیگر اضلاع میں تعداد دو ہندسوں سے نیچے ہے۔