نوشہرہ سے ڈینگی وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ
نوشہرہ میں ڈینگی وائرس کے پانچ کیسز سامنے آگئے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر محمد شعیب خان کے مطابق ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلع بھر میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ سمیت چھ ہسپتالوں میں ڈینگی آئیسولیشن وارڈ قائم کردیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کبیر افریدی کے مطابق کینٹوئمنٹ بورڈز اور ٹی ایم اوز کو ڈینگی وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردیئے گیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر محمد شعیب خان کے مطابق ڈینگی وائرس کے اب تک سرکاری طور پر پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پرائیوٹ ہسپتالوں میں بھی مریضوں کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ سی ایم ایچ نوشہرہ اور سی ایم ایچ رسالپور سے بھی معلومات شیئر کرنے کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کبیر افریدی کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیموں کو ضلع بھر اور کینٹ کے علاقوں میں ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیے اقدامات کر نے کی سخت ہدایات کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی این این کے نمائندے کو مزید بتایا کہ کینٹونمنٹ بورڈز اور ٹی ایم اوز کو ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے متاثرہ علاقوں میں آئی آر ایس ڈینگی سپرے بھی شروع کرنے کی ہدایات جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کو گھر اور بی ایچ یوز کی سطح پر تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔