کم عمری میں بال سفید ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟
خالدہ نیاز
"جب بھی آئینے میں خود کو دیکھتی ہوں تو پریشان ہو جاتی ہوں کیونکہ میرے آدھے سے زیادہ بال سفید ہو گئے ہیں۔” یہ کہنا تھا نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ماہ نور کا۔
ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران ماہ نور نے بتایا کہ وہ فی الحال پڑھ رہی ہے لیکن سفید بالوں کی وجہ سے بہت پریشان ہے۔ اس کے بقول ابھی اس کی عمر اتنی نہیں ہے کہ اس کے بال سفید ہونا شروع ہو جائیں۔ اور یہ مسئلہ صرف اس کا نہیں ہے بلکہ اس کے آس پاس دیگر کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کے بھی بالوں میں سفیدی اتر آئی ہے: ”لڑکیوں کے لیے بال سفید ہونا ہمارے معاشرے میں تکلیف دہ ہوتا ہے کیونکہ لوگ اس کو عمر سے تشبیہ دینے لگتے ہیں کہ بوڑھی ہو گئی ہو۔”
ماہ نور کا کہنا تھا کہ اس نے نہ تو کبھی بال ڈائی کروائے اور نہ ہی کچھ اور اس پر لگایا اس کے باوجود بالوں کا سفید ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ماہ نور کو سفید بالوں کی ٹینشن اس لئے بھی زیادہ ہے کیونکہ ابھی اس کا رشتہ نہیں ہوا اور لڑکے والے رشتہ کرتے وقت ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں۔
دوست سفید بالوں کی وجہ سے مذاق اڑاتے ہیں
15 سالہ علی کے بال بھی سفید ہو گئے ہیں۔ علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے اس کے بالوں میں سفید بال بڑھنا شروع ہوئے جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہے: "دوست اکثر مذاق بھی اڑاتے ہیں کہ جوانی میں بوڑھے ہو گئے ہو۔ اپنے بالوں کو کلر کرتا ہوں تاکہ میرے سفید بال کسی کو نظر نہ آئیں۔”
آج کل کم عمری میں لوگوں کے بال سفید کیوں ہو رہے ہیں؟ اس حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ریاض احمد آفریدی نے بتایا کہ اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں موروثیت بھی شامل ہے یعنی اگر کسی لڑکی یا لڑکے کے والدین میں سے کسی کے بال سفید ہوں تو ان کے بچوں کے بھی بال کم عمری میں سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سٹریس کی وجہ سے بھی کم عمری میں بال سفید ہونے کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں: "جب کوئی انسان کسی غم میں مبتلا ہوتا ہے یا اس کو کوئی ٹینشن ہوتی ہے تو بھی اس کے بال سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔”
ڈاکٹر کے مطابق بعض لوگوں کے جسم میں کچھ ایسے کیمیکلز ریلیز ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بال سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
ماحولیاتی آلودگی بھی سفید بالوں کی ایک وجہ
انہوں نے کہا کہ بالوں میں میلانیم ہوتا ہے جس کی وجہ سے بال کالے ہوتے ہیں۔ جب کیمیکلز ریلیز ہوتے ہیں تو وہ میلانیم کو تباہ کر دیتے ہیں۔ ڈاکٹر کے مطابق بالوں میں سفیدی کی ایک وجہ خوراک میں منرلز اور وٹامنز کی کمی بھی ہے: "جب ہم ایسی خوراک لیتے ہیں جس میں منرلز اور وٹامنز کی کمی ہو تو اس کی وجہ سے بھی بالوں پر اثر پڑتا ہے۔ وٹامن بی 12 اور زِنک اور کاپر کی کمی وجہ سے بھی بالوں میں سفیدی آتی ہے۔ تھائی رائیڈ میں مسائل کی وجہ سے بھی بالوں میں مسئلے ہو سکتے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی اور سورج کے آگے زیادہ ایکسپوز ہونا بھی اس کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔”
ڈاکٹر ریاض احمد آفریدی نے مزید کہا کہ ہمارے اکثر گھرانوں میں پلاسٹک کے برتن استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ برتن جب گرم ہوتے ہیں تو ان سے فری ریڈیکلز ریلیز ہوتے ہیں جو بالوں میں سفیدی کی وجہ بنتے ہیں۔
بال سفید ہونا شروع ہو جائیں تو کیا کرنا چاہئے؟
کسی کے بال کم عمری میں سفید ہونا شروع ہو جائیں تو اس کو کیا کرنا چاہئے؟ اس حوالے سے ڈاکٹر ریاض احمد آفریدی نے کہا کہ اس کو خوراک میں وٹامن اے، سی اور بی 12 لینا چاہئے۔ اس کے علاوہ سبزیوں کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ سبزیوں میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے لوگوں کو نان پلاسٹک برتنوں میں کھانا بنانا چاہئے۔ اگر کوئی شخص سگریٹ پیتا ہے تو اس کو سگریٹ نوشی ترک کر دینی چاہئے۔
کیا سفید بالوں کو کالا کرنے کا کوئی علاج ہے؟ اس حوالے سے ڈاکٹر ریاض احمد آفریدی نے بتایا کہ اس کی ٹریٹمنٹ موجود ہے اور ڈائی کرنے سے سفید بال ختم ہو جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بال ڈائی کرنے سے بال سفید نہیں ہوتے بلکہ یہ اس کی ٹریٹمنٹ آپشنز میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے بال بیس فیصد سفید ہوں تو اس کو ہر 8 ہفتے بعد ڈائی کرنا چاہئے۔ اگر کسی کے بال پچاس فیصد سفید ہوں تو اس کو ہر 6 ہفتے بعد بالوں کو کلر کروانا چاہئے۔ اگر ستر فیصد سے زیادہ بال سفید ہوں تو ہر چار ہفتے بعد اس کو ڈائی کروانا چاہئے۔
ڈاکٹر ریاض احمد آفریدی کے مطابق ڈائی کرنے کے علاوہ مختلف قسم کی دوائیاں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں جن سے بالوں کا سفید ہونا بند ہو جاتا ہے۔