دير بالا: ولیمہ کھانے سے دلہا دلہن سمیت 57 افراد کی حالت غیر ہوگئی
ناصر زادہ
خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کے علاقے عشیری میں ولیمہ کھانے سے دلہا دلہن سمیت 57 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں آر ایچ سی چوڑن اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تیمر گرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دلہے کے بھائی محمد عباد کے مطابق ولیمہ کھانے کے بعد گھر کے 9 افراد بیمار پڑ گئے ہیں، دلہن بھابھی تیمر گرہ ہسپتال جبکہ دلہا بھائی چوڑن ہسپتال میں زیر علاج ہے جنہیں معدے اور جسم میں درد اور ہیضے کی شکایت ہے۔
عباد نے بتایا شادی میں شرکت کرنے کے لیے سوات سے آنے والے 10 مہمانوں کی حالت بھی غیر ہوچکی ہے اور وہ بھی اس وقت مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہے، ہمیں نہیں معلوم کہ کس طرح اچانک سارے لوگ بیمار پڑ گئے کیونکہ ان میں سے بعض افراد نے ولیمے کا کھانا بھی نہیں کھایا تھا جبکہ کچھ افراد ایسے بھی جو کھانا کھانے کے بعد بھی تندرست ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ افراد کو فوڈ پوائزننگ ہوا ہے جس کے باعث ان کی حالت غیر ہوگئی ہے۔
ادھر ریسکیو 1122 کے اہلکار نصیر احمد کے مطابق آج صبح 5 افراد کو آر ایچ سی چوڑن سے تیمر گرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اب تک مجموعی طور 30 سے زائد افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔