ڈبلیو ایچ او: کوہستان میں مراکز صحت کی بحالی کے لئے جدید سامان مہیا کیا گیا
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کو تین کروڑ روپے کے طبی آلات حوالے کر دئیے جن میں ضروری ادویات، طبی آلات، لیبر روم کے لئے ضروری سامان اور فرنیچر شامل ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مشیر صحت کی درخواست پر ملنے والی طبی آلات اپر اور لوئر کوہستان کے مراکز صحت کو حوالہ کیا جائے گا جبکہ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ نے اپر اور لوئر کوہستان کا دورہ بھی کیا۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ کوہستان کے عوام کو صحت کی بنیادی ضروریات فراہم کر دی ہے جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ان کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس علاقے میں تباہ شدہ صحت کے مراکز بھی تعمیر کریں گے جبکہ سلائی سنٹر بھی قائم کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 40 مراکز صحت کی فعالی و بحالی کا کام بھی کررہا ہے۔
یاد رہے مشیر صحت نے ایک ماہ قبل عالمی ادارہ صحت سے ان اضلاع کے مراکز صحت کی بحالی کی درخواست کی تھی۔ مشیر صحت ڈاکٹر عابد جمیل نے اس حوالے سے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے سیلاب سے متاثرہ ان مراکز صحت کیلئے جدید سامان مہیا کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت دور افتاد علاقوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ یاد رہے کہ لوئر اور اپر کوہستان گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شمار کئے جاتے ہیں۔