صحت

روٹا پرو ٹیکنالوجی: بند شریانوں کا ایسا علاج جو پاکستان میں پہلے ممکن نہ تھا

خیبرپختونخوا کے امراض قلب کے واحد ہسپتال پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے انجیوپلاسٹی میں ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جبکہ ہسپتال نے جدید طریقہ علاج روٹا پرو ٹیکنالوجی کے تحت ایک مریض کا کامیاب آپریشن کر دیا ہے۔

ترجمان پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی سی پاکستان میں امراض قلب کا جدید طریقہ علاج روٹا پرو ٹیکنالوجی متعارف کرنے والا پہلا ادارہ بن گیا۔ پی آئی سی میں جدید طریقہ سے 60 سالہ مریض کے دل کا آپریشن کیا گیا۔

ترجمان رفعت انجم نے بتایا کہ آپریشن ماہر کارڈیالوجسٹ کی ٹیم نے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عابد اللہ کی نگرانی میں کروایا ہے جو کہ کامیاب رہا ہے۔

ڈاکٹر عابد اللہ نے روٹا پرو ٹیکنالوجی کے آغاز کو بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طریقہ کار سے دل کی ایسی بند شریانوں کا علاج ممکن ہوگا جو کہ پاکستان میں پہلے ممکن نہ تھا۔

انہوں نے کہا یہ ایک سنگل آپریٹر سمارٹ ڈیوائس ہے جو کہ دل کی شریانوں کے اندر کیلشیم کو ہٹانے میں مدد دیتی تھی۔ اس طریقہ علاج سے ایسی شریانوں کی صفائی بھی ممکن ہوگی جو کہ عام انجیوپلاسٹی میں ممکن نہ تھی۔ جدید طریقے سے علاج میں پیچیدگی کم اور کامیابی کے زیادہ امکانات ہوں گے۔

ماہر امراض قلب نے مزید بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی دل کی شریانوں میں سخت تنگی سے سینے میں درد اور ممکنہ ہارٹ اٹیک کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ طریقہ علاج چند ایشین ممالک میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ابھی تک متعارف نہیں تھا۔

دوسری جانب ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ روٹا پرو ٹیکنالوجی کے لئے پی آئی سی- ایم ٹی آئی کے ساتھ بوسٹن سائنٹیفک کمپنی کا اشتراک تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جدید طریقہ علاج صحت سہولت پروگرام کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

انجیو پلاسٹی کیا ہے اور روٹا پرو ٹیکنالوجی اس سے کیسے مختلف ہے؟

انجیو پلاسٹی دل کی بند شریانوں کو کھولنے کے لئے استعمال ہونے والا طریقہ کار ہے۔ اس طریقہ کار میں اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر دل کے پٹھوں میں خون کے بہاؤ کو بحال کیا جاتا ہے۔

انجیو پلاسٹی میں ایک لمبی ،پتلی ٹیوب جیسے کیتھٹر کہتے ہیں خون کی نالی میں ڈالی جاتی ہے۔ اس ٹیوب کے ساتھ ایک چھوٹا سے غبارہ بھی خوند کی نالی میں اس مقام تک پہنچایا جاتا ہے جہاں پر شریان بند ہو۔ غبارے کو ہوا دے کر بند کورنری شریانوں کو کھولا جاتا ہے۔

انجیو پلاسٹی کے طریقہ کار میں سٹینٹ بھی استعمال ہوتے ہیں۔ سٹینٹس ایک چھوٹا دھاتی آلہ ہے جیسے غبارے کی مدد سے کھولی جانی والی شریان میں ڈالا جاتا ہے تا کہ اسے دوبارہ تنگ ہونے سے روکا جا سکے۔

روٹا ٹیکنالوجی کیسے مختلف ہے؟

انجیو پلاسٹی میں چونکہ تنگ شریانوں کو غبارے کی مدد سے کھول کر اس میں سٹینٹ لگایا جاتا ہے تا ہم بعض اوقات، جب خون کی نالی اتنی زیادہ تنگ ہوجاتی ہے کہ غبارہ اس میں سے نہیں گزر سکتا۔ پھر ایسی صورتحال میں روٹا پرو کا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔

روٹا پرو (روٹا بلیشن پروسیجر) طریقہ کار میں بھی انجیوپلاسٹی کی طرح تنگ شریان میں کیتھٹر گزارا جاتا ہے جبکہ غبارے کی جگہ اس ٹیوب کے سرے پر ایک ڈرل (بلیڈز) لگایا جاتا ہے جس کی مدد سے شریان میں جمع شدہ مواد کو کریدا جاتا ہے۔ اس کے بعد انجیوپلاسٹی کا عام طریقہ کار اختیار کرکے شریان کو کھولا جاتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button