صحت

میرعلی ہسپتال مکمل فعال، مریضوں کی تعداد میں اضافہ

تحصیل ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میرعلی شمالی وزیرستان میں او پی ڈی سمیت آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کو مکمل طور پر فعال بنا دیا گیا، صوبائی حکومت دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے جس کی وجہ سے او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد روزانہ 300 سے 400 تک پہنچ گئی۔

اس حوالے سے سپورٹ ایجنسی فار رول اینڈ ہیومن ایسوسی ایشن ڈیویلپمنٹ (سرحد) کی جانب سے صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق میرعلی ہسپتال میں مقامی افراد کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، اس سے قبل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میر علی میں بنیادی سہولیات کا فقدان تھا جس کے باعث مریضوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر تھی اور 20 سے 30 تک مریض ہی او پی ڈی میں آتے تھے تاہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرحد کی جانب سے ہسپتال میں پروگرام کے آغاز سے صحت سہولیات میں واضح بہتری آئی ہے اور روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد سینکڑوں میں ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 11 مئی 2022 کو پراجیکٹ کے آغاز کے بعد سے تنظیم کو کئی چیلنجز اور مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور بعض افراد کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی گئیں تاہم بین الاقوامی تنظیم سرحد نے صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا، پروگرام کے تحت ہسپتال کی بوسیدہ عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ نئے طبی آلات کی خریداری کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تنظیم کو دوردراز علاقہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی سیکورٹی اور رہائش کے مسائل تھے، تنظیم نے غیرقانونی قابضین سے کمروں کو مرحلہ وار خالی کروا کر عملہ کے حوالے کئے۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں سپیشلسٹس، ڈاکٹرز، نرسز اور ماہر ایل ایچ ویز کو بھرتی کیا گیا، ہسپتال میں اب آپریشن تھیٹر سمیت ای سی جی، فارمیسی، لیبارٹری، ایکس رے، لیبر روم، الٹراساونڈ، بلڈ بینک، چلڈرن وارڈ، مردانہ اور زنانہ میڈیکل وارڈز وغیرہ کو فعال کیا گیا ہے جو پہلے غیر فعال تھے، جس سے روزانہ کی بنیاد پر مقامی آبادی مستفید ہو رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button