پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر قائم
پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی انتظامیہ نے ہسپتال کے خواتین عملے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر قائم کر دیا۔
پی آئی سی ترجمان رفعت انجم کے مطابق ہسپتال میں اس وقت بڑی تعداد میں خواتین عملہ اپنے فرائض بحسن و خوبی انجام دے رہا ہے تاہم بیشتر ملازمت پیشہ خواتین کو بچوں کی دیکھ بھال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دوران ڈیوٹی ان خواتین کے لیے اپنے شیرخوار اور کم عمر بچوں کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں خواتین عملے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور ان کی آسانی کے لیے ڈے کئیر قائم کیا گیا ہے تاکہ ڈیوٹی کے اوقات میں ان کے بچے ان کے قریب رہیں اور وہ مریضوں کے لیے اپنے فرائض بھی یکسوئی سے انجام دے سکیں۔
پی آئی سی کے خواتین عملے نے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمت کی جگہ پر ایسی سہولیات ہوں تو وہ بغیر کسی پریشانی کے نہ صرف اپنے فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں گی بلکہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال سے بھی مطمئن رہیں گی۔
ترجمان کے مطابق ڈے کیئر میں بچوں کے لیے کھلونے، تعلیم و تربیت کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے جبکہ بچوں کی سیفٹی اینڈ ہیلتھ ہائجین کا بھی خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔