باڑہ: ”وفاقی حکومت سے صحت کارڈ سمیت تمام حقوق لے کر رہیں گے”
باڑہ: ”تحریک حقوق قبائل کا آغاز کر رہے ہیں، جیسے متاثرین کیلئے کامیاب تحریک چلائی تھی اسی طرح قبائلی عوام کے لئے وفاقی حکومت سے صحت کارڈ سمیت تمام حقوق لے کر رہیں گے۔”
ان خیالات کا اظہار باڑہ بازار خیبر چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی نے احتجاجی مظاہرے سے مشترکہ بیان میں کیا۔ احتجاج میں سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی جنہوں نے وفاقی حکومت اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
امقررین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے کمر توڑ مہنگائی کر دی جس سے غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، قبائلی اضلاع کے عوام نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں جبکہ اب وفاقی حکومت ان کی صحت کارڈ سہولت ختم کرنے کی بات کر رہی ہے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ 30 تاریخ تک وفاقی حکومت قبائلی اضلاع کے صحت کارڈ ختم کرنے کی بات واپس لے بصورت دیگر نہ ختم ہونے والے احتجاجی مظاہرے شروع کئے جائیں گے۔
احتجاج کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے دیگر کارکنان میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری لیبر ونگ لعل ولی آفریدی، خان عالم، صاحب اللہ، جاوید آفریدی، سلمان، کرامت اور صابر آفریدی شامل تھے۔