مفت آپریشن: دل میں سوراخ رکھنے والے نو افغان بچے پاکستان پہنچ گئے
افغانستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایسے 9 بچوں کو طورخم بارڈر پر پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے الخدمت فاونڈیشن کے حوالے کیا گیا جن کے دل میں پیدائشی سوراخ ہیں۔
افغان حکام اور ہلال احمر افغانستان نے ہارٹ سرجری کے لٸے پاکستان لاٸے گٸے بچوں کو طورخم بارڈر پر الخدمت فاونڈیشن کے حوالے کیا جن کی سرجری لاھور میں کی جاٸے گی۔
اس موقع پر الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل منیجر سفیان احمد خان، ممتاز ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، الخدمت کے صوباٸی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی اور PACF کے چیئرمین حبیب اللہ خٹک اور وقار معروف، ہلال احمر افغانستان کے سیکرٹری جنرل کے معاون مولوی خالد مجاہد اور ہلال احمر ننگرہار زون کے رٸیس مولوی قمرالدین نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوٸے کہا کہ افعانستان میں پیداٸشی طور پر دل میں سوراخ کے عارضہ میں مبتلا بچوں کی تعداد 8 ہزار کے لگ بھگ ہیں، ماضی میں ایسے مریضوں کا علاج بھارت میں ہوتا تھا لیکن حالیہ دنوں میں انڈیا کے ساتھ بارڈر بند ہونے کی وجہ سے ایسے مریضوں کا علاج اور آپریشن رکے ہوٸے ہیں۔
واضح رہے کہ الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے دورہ افغانستان کے دوران امارت اسلامیہ افغانستان کے اعلی حکام نے دل میں سوراخ کے عارضہ میں مبتلا بچوں کے آپریشن میں تعاون کی درخواست کی تھی جس پر الخدمت فاونڈیشن نے ابتداٸی طور پر 40 بچوں کے پاکستان میں آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں پہلے بیچ کے طور 9 بچوں کو گزشتہ روز الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے حوالے کیا گیا جن کے لٸے پاک افغان کوآپریشن فورم نے طورخم بارڈر سے لاھور پہنچانے کے لٸے ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیا تھا۔