صحت

کیا واقعی خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کی ایم آر آئی مشین پچھلے ایک سال سے خراب پڑی ہے؟

وقاص الرحمٰن

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں سے ایک خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ہر روز سینکڑوں مریض اپنے علاج معالجے کی غرض سے آتے ہیں جن میں بڑی تعداد پشاور سے باہر کے مریضوں کی ہے جو خیبر پختونخوا اور افغانستان کے دور دراز علاقوں سے اپنی صحتیابی کی امید لے کر آتے ہیں، ایسے میں یہاں پر کسی بھی عمومی و خصوصی سہولیات کا نہ ہونا کسی مصیبت سے کم نہیں۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے حوالے سے کئی روز سے ایک شکایت زیرگردش ہے کہ ہسپتال کی ایم آر آئی مشین پچھلے ایک سال سے خراب پڑی ہے۔ شکایت کنندگان کے مطابق ایم آر آئی جیسی ضروری مشین کے خراب ہونے کی وجہ سے آئے روز مریضوں کو اس سہولت کی غرض سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے باہر دوسرے ہسپتالوں کو بھیجا جاتا ہے جس کی وجہ سے مریض پریشانی سے دوچار ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے ہسپتال میں موجود مریضوں نے بتایا کہ صوبے کے اتنے بڑے ہسپتال میں ایم آر آئی مشین نہ ہونا عجیب بات ہے، مریض کو اس سہولت کے لئے دیگر ہسپتالوں کا چکر لگانا نہایت ہی مشکل اور دقت آمیز ہے، جب مریض کا علاج کے ٹی ایچ میں جاری ہے تو ایم آر آئی کے لئے دوسرے ہسپتال جانا ایک المیہ ہے۔

حقیقت کیا ہے؟

ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ کے ٹی ایچ کی ایم آر آئی مشین پچھلے سال فروری سے خراب پڑی ہے جس کی وجہ سے مجبوراً ہسپتال سے مریضوں کو ایم آر آئی سہولت کے لیے حیات میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال بھیجا جاتا ہے، چونکہ ایچ ایم سی اور ایل آر ایچ بھی ہمارے ہسپتالوں کا حصہ ہیں اور سارے سرکاری ہسپتال ایک وجود کی طرح تمام مریضوں کو سہولیات فراہم کرتے ہیں لہٰذا اس غرض سے مریضوں کو دیگر ہسپتالوں کو بھیجا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے منیجر میڈیا اینڈ پروٹوکول سجاد خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کے ٹی ایچ کو صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں شمار کیا جاتا ہے اور ہماری اولین ترجیح ہے کہ اپنے مریضوں کو ہر قسم کی سہولیات میسر کریں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ ہسپتال کی مشینری اینڈونمنٹ فنڈ سے خریدی جاتی ہے لیکن کرونا کی وبائی صورتحال کی وجہ سے مختص شدہ اینڈونمنٹ فنڈ مختلف فلاحی کاموں میں استعمال ہوا جن میں ان ڈاکٹرز کے ریلیف پیکج بھی شامل ہیں جو کرونا وائرس کے باعث اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ایم آر آئی مشین کے لئے انڈومنٹ فنڈ مختص کر لیا گیا ہے اور رواں ماہ کے دوران نئی ایم آر آئی مشین کے ٹی ایچ میں نصب کر دی جائے گی جس کے لئے ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button