خیبر پختونخوا: ینگ ڈاکٹرز کا آج سے کرونا ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان
خیبرپختونخوا میں کورونا ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے ینگ ڈاکٹرز نے آج سے صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر فیصل خان کے مطابق کورونا ریپڈ رسپانس ٹیم نے فنڈز کی عدم ادائیگی پر آج سے ڈیوٹیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا کی ڈیوٹیاں نہیں کی جائیں گی اورفنڈز نہ ملنے تک بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ہیلتھ اور ان کے اکاؤنٹنٹ کورونا فنڈز کی ریلیز میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا ینگ ڈاکٹرز مرکزی کابینہ کے ممبر ڈاکٹر شمس وزیر نے اس حوالے سے ٹی این این کو بتایا کہ اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں کورونا ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے ینگ ڈاکٹرز کے الاؤنس اور باقی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا میں ینگ ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی سے ہٹ کر اضافی ڈیوٹیاں کررہے ہیں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر اور انکے ساتھ وعدے کیے گئے تھے کہ ان ڈیوٹیوں کا انکو الاؤنس بھی دیا جائے گا تاہم ابھی تک انکو نہیں ملا جس کی وجہ سے انہوں نے صرف کرونا ڈیوٹیوں سے بائیکاٹ کیا ہے باقی ڈیوٹیاں معمول کے مطابق کریں گے۔
ڈاکٹر شمس عزیز نے کہا کہ ہر ضلع میں تحصیل کی سطح پر ریپڈ رسپانس کی ایک ٹیم موجود ہے اور 800 سے ایک ہزار کے قریب ینگ ڈاکٹرز کرونا کی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، عموما ڈاکٹرز ایک ہفتے میں 36 یا 40 گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں لیکن کرونا میں ینگ ڈاکٹرز 24 گھنٹے ڈیوٹیاں دے رہے ہیں جبکہ انکی ڈیوٹیاں بھی ایک جگہ پر نہیں ہوتی ساتھ میں انکو جان جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے کیونکہ کرونا وائرس ایک خطرناک بیماری ہے تاہم اس کے باوجود یہ ڈاکٹرز پچھلے 13 ماہ سے الاؤنس سے محروم ہیں۔